
جہلم: سیکرٹری مینجمنٹ اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ پنجاب ناصر ملک نے ضلع جہلم کا دورہ کیا۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم نعمان حفیظ کے ہمراہ کمیٹی روم میں گندم کی خریداری اور رمضان بازاروں کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل مطاہر حیات وٹو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کاشف محمود ڈوگر، تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر نعمان حفیظ نے رمضان بازاروں میں عوام کو دی جانے والی سہولیات اور انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع جہلم میں 6 رمضان بازار قائم کر دیے گئے ہیں جو 29 مارچ سے فنکشنل ہیں، رمضان بازاروں میں سستی چینی اور آٹا وافر مقدار میں موجود ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ رمضان پیکج کے تحت تمام اشیاء خورد و نوش پر 10 روپے فی کلو، مٹن اور بیف پر 50 روپے فی کلو، چکن پر 12 روپے فی کلو سبسڈی دی جا رہی ہے جبکہ ایگریکلچر فیئر پرائس شاپس پر 13 اشیاء خوردونوش پر خصوصی رعایت دی جا رہی ہے۔ رمضان بازاروں میں اشیاء خوردونوش کی کوالٹی پر کڑی نظر رکھ رہے ہیں اور رمضان بازاروں کی میں خود نگرانی کر رہا ہوں۔
ڈپٹی کمشنر نے گندم خریداری کے حوالے سے بتایا کہ اس سال گندم خریداری کا 1809 میٹرک ٹن کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے۔
بعد ازاں سیکریٹری ناصر ملک نے سستے رمضان بازار مشین محلہ اور رمضان بازار بلال ٹاؤن کا دورہ کیا اور وہاں پر اشیاء ضروریہ کے سٹال کے علاوہ ایگریکلچر فیئر پرائس شاپس، سستی چینی و سستا آٹا سٹال کا خصوصی طور پر معائنہ کیا اور اشیاء کی مقدار و معیار کو چیک کیا۔
سیکرٹری ناصر ملک نے کہا کہ رمضان المبارک میں عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی حکومت اور انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، انتظامی افسران متحرک انداز میں اپنے فرائض سر انجام دیں۔
انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ قیمتوں کے ساتھ ساتھ اشیاء کے معیار، طلب اور رسد پر بھی کڑی نظر رکھی جائے، اشیاء کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ ہرگز نہیں کیا جائے گا، رمضان بازاروں میں آٹا، چینی سمیت ہر شے وافر مقدار میں دستیاب ہونی چاہیے۔