
جہلم: پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی رہنما سابق ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری لال حسین نے کہا کہ حکمرانوں کی عدم دلچسپی کے باعث مہنگائی اور بے روزگاری کا سونامی سر سے اونچا ہوچکا ہے، سلیکٹڈ وزیراعظم کو آج باور ہوگیا ہوگا کہ سونامی کا مطلب ہی تباہی ہے جو آج ہر طرف نظر آ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چینی، آٹا مافیا جتنے مرضی طاقتور ہوں مگر حکومت سے زیادہ طاقتور نہیں ہو سکتے، حکومت سنجیدگی سے مافیا سے نمٹنا ہی نہیں چاہتی، ضلعی افسران مہنگائی کے خلاف صبح سویرے منڈیوں، بازاروں میں نکلتے ہیں اور فوٹو سیشن کے بعد سب اچھا ہے کی رپورٹ بھجوا کر اپنی ذمہ داریوں سے عہدہ برآ ہوجاتے ہیں ، جبکہ عوام کو مہنگائی کے طوفان کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔
چوہدری لال حسین نے کہا کہ حکومت اور بیورو کریسی ساڑھے 3سال بعد بھی ایک پیج پر نہیں آسکے، جس کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں، مسلم لیگ ن مہنگائی کے طوفان میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑ سکتی ، اس لئے حکمرانوں کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی جس پر بروز اتوار ووٹنگ ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بغیر چیلنجز کو پورا کئے معاشی بدحالی سے باہر نہیں آسکتا ، اس لئے نواز شریف کے ہاتھ مزید مضبوط کرنے کی اشد ضرورت ہے جس کے لئے تمام مکاتب فکر کو کردار ادا کرنا چاہیے، اگر آج پاکستان کی عوام کے لئے سیاسی جماعتیں متحد نہ ہوئیں تو آنیوالی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔
چوہدری لال حسین نے کہا کہ ایٹمی قوت رکھنے والی ریاست پاکستان کا انتظام نااہلوں کے ہاتھ میں ہے، جو کسی بھی مشکل میں مبتلا کر سکتے ہیں، نااہل حکمرانوں نے سٹیٹ بینک سمیت قومی اداروں کا بیڑا غرق کر دیا ہے، اب وقت آگیا ہے کہ نااہل حکمرانوں سے جلد از جلد نجات حاصل کی جائے، خصوصاً نوجوان مستقبل اور پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناح کے خوابوں کی حقیقی تعبیر کا روپ دینے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن آئینی بالادستی اور ووٹ کو عزت دو کے بیانیہ پر ڈٹی ہوئی ہے، مہنگائی، بیروزگاری اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے ن لیگ کی آواز کو اب کسی صورت دبایا نہیں جا سکتا، کارکن اپنے قائد میاں نواز شریف کے بیانیے کا جھنڈا اٹھائے ہوئے ہیں، مشکل حالات میں پارٹی بیانیہ کو فروغ دینے والے کارکن پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں۔