
سوہاوہ: پی ٹی آئی کے ٹکٹ سے عمران خان کے نام پر ووٹ لینے والے چوہدری فرخ الطاف نے مشکل وقت میں پارٹی کا ساتھ چھوڑ کر نہ صرف لدھڑ خاندان کو شرمندہ کیا بلکہ ضلع جہلم کی پی ٹی آئی قیادت کے لیے بھی شرمندگی کا باعث بنے۔
ان خیالات کا اظہار پی ٹی آئی سوہاوہ کے دیرنہ اور نظریاتی رہنما راجہ قیصر دستگیر خان نے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان مسلم امہ کا لیڈر ہے جس نے پاکستان کو پوری دنیا اور بالخصوص مسلم دنیا میں ایک خاص مقام دیا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا آج پاکستان اور عمران خان کو عزت کی نظر سے دیکھتی ہے، ملکی تاریخ میں پہلا لیڈر ہے جس نے عالمی طاقتوں کی انکھوں میں انکھیں ڈال کر بات کی، عمران خان ایک سوچ ہے جسے مٹانا فصلی بٹیروں کے بس کی بات نہیں۔
ایم این اے چوہدری فرخ الطاف کے اپوزیشن میں بیٹھنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ فرخ الطاف کا فیصلہ انتہائی شرمناک ہے مگر پی ٹی ائی کا ووٹر اور کارکنان کبھی بھی عمران خان کا ساتھ نہیں چھوڑے گا اور نہ ہی فرخ الطاف کے جانے سے ضلع جہلم میں پی ٹی آئی کو فرق پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ موقع پرست سیاستدان کسی کا نہیں ہو سکتا وہ ہوا کے رخ پہ چلتا ہے اور اپنا مفاد دیکھتا ہے مگر اس حرکت سے اب یہ سب مفاد پرست ٹولہ نہ صرف پی ٹی ائی کے کارکنان کے سامنے بلکہ پاکستانی عوام کے سامنے بھی بے نقاب ہو چکا ہے اور عوام اب اچھی طرح سمجھ چکی ہے کہ ایسے لوگ نہ ملک کے ساتھ مخلص ہیں نہ عوام کے ساتھ جو مشکل وقت میں اپنے لیڈر کا ساتھ چھوڑ جائے وہ کبھی ووٹر کی نظر میں اپنا مقام بحال نہیں کر سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ چوہدری فرخ الطاف کے فیصلے سے حلقہ کا ووٹر سخت غم و غصے کا شکار ہے کیونکہ انہوں نے ووٹ خان کے نام پر دیا تھا، ہم پہلے دن سے عمران خان کے ساتھ ہیں اور آخری دم تک اپنے لیڈر کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔