
جہلم: مشہور ہے کہ صحت مند دماغ صحت مند جسم میں ہی ممکن ہے اور جسم کی نشوونما کے لئے کھیل انتہائی ضروری ہے ، ایک وقت تھا کہ کسی بھی تعلیمی ادارے میں داخلے کے لئے کھلاڑیوں کے لئے سپیشل کوٹہ مخصوص تھا لیکن بدقسمتی سے اس عمدہ روایت کا خاتمہ کر دیا گیا ، پہلے کھیلوں کوغیر نصابی سرگرمی کہا جاتا تھا مگر اب انہیں نصابی سرگرمیوں کا درجہ دے دیا گیا ہے، یعنی اب یہ باقاعدہ طور پر نصاب کا حصہ ہیں جسے فزیکل ایجوکیشن کے نام پر جانا جاتا ہے ، اتھلیٹکس کا لفظ یونانی زبان سے ماخوذ ہے جس کا مطلب ہے بھاگنا ، دوڑنا ، اچھلنا، کودنا، ان سب سے ہی مضبوط جسم بنتا ہے اور حقیقت میں یہ لہو گرم رکھنے کا ایک طریقہ ہے۔
ان خیالات کا اظہارگورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین جہلم کی پرنسپل محترمہ مسز نسرین عارف نے کالج میں منعقدہ سپورٹس گالا کے موقع پر طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سپورٹس گالا کا افتتاح پرنسپل نے فیتہ کاٹ کر کیا۔ پروگرام کے مہمانِ خصوصی نمبردار کھرالہ چوہدری یوسف تھے جنہوں نے کالج میں منعقدہ سپورٹس گالا میں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات کے لئے انعامات کا بھی اہتمام کیا تھا۔
اسٹیج سیکرٹری و میزبانی کے فرائض مسز بشریٰ ناہید نے سرانجام دیئے، پرنسپل صاحبہ محترمہ نسرین عارف، وائس پرنسپل محترمہ طلعت فرخ، مہمانِ خصوصی نمبر دار چوہدری یوسف اور سپورٹس انچارج مس پروین نے اپنے ہاتھوں سے غبارے فضاء میں بلند کئے اور باقاعدہ سپورٹس گالا کا آغازتلاوت کلام پاک سے کیا گیا اس کے بعد نعت رسول مقبول ﷺ پیش کی گئی۔
اس کے بعد سپورٹس انچارج مس پروین نے سپورٹس گالا میں حصہ لینے والی طالبات کے ہمراہ مارچ پاسٹ کیا اور سپورٹس کے لئے قائم پنڈال میں موجود مہمان خصوصی پرنسپل صاحبہ سمیت دیگر اساتذہ کو سلامی دیتے ہوئے کھیلو ں کا آغاز کیا۔ سب سے پہلے 100 میٹر ریس کا انعقاد کیا گیا ، اس کے بعد لیمو ں ریس جو چمچ پر لیموں رکھ کر دوڑ لگانا ہوتی ہے کا آغاز کیا۔
اس کے بعد چاٹی ریس کا انعقاد کیا گیا جو پنجاب میں دیسی ثقافت کی عکاسی کرتے ہوئے عورتیں کھیتوں میں کام کرنے والے اپنے بھائیوں، بیٹوں، والد ، شوہروں کو کھانا پہنچانے کے لئے سر پر تین ، چار چاٹیاں/ ہانڈیاں رکھ کر لاتی ہیں اس طرز پر ریس لگوائی گئی ، اس کے بعد 2سومیٹر ریلے ریس کا اہتمام کیا گیا جس میں 4 طالبات کا گروپ تھا ایک کھلاڑی اپنے سے 50 میٹر دور کھڑے کھلاڑی کو لکڑی کا ٹکڑا پکڑاتی ہے جس سے وہ پکڑتے ہوئے اگلی ریس شروع کر تی ہے۔
اس کے بعد 3 ٹانگوں کی ریس شروع کی گئی جس میں دو، دو طالبات کے گروپ نے حصہ لیا اس میں طالبات کی ایک ایک ٹانگ رسی سے باندھ دی گئی جس سے انہوں نے تین ٹانگو ں پر دوڑ لگائی ، اس کے بعد گولہ پھینکنا، رسہ کشی سمیت کلچرل شو کا بھی اہتمام کیا گیا۔ سپورٹس گالا میں اساتذہ کے درمیان میوزیکل چیئراور کلیریکل و دیگر سٹاف میں بھی ریس کا اہتمام کیا گیا۔ جس سے کالج کی طالبات بہت محذوز ہوئیں۔
پروگرام کے اختتام پرزین انٹرپرائزز اینڈ رئیل اسٹیٹ عبدالوحید بٹ نے طالبات میں انعامات تقسیم کئے اور اپنی طرف سے سپورٹس گالا میں حصہ لینے والی طالبات میں کالج کے نام سے تیار سپورٹس جیکٹس تقسیم کیں۔پرنسپل نے پروگرام کے انعقاد پر تمام اساتذہ و سٹاف خصوصی طور پر سپورٹس انچارج مس پروین کی انتھک محنت پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔