
جہلم: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل مظہر حیات وٹو نے کہا ہے کہ جہلم میں ہونے والی بارشوں کی وجہ سے سیلاب اور طغیانی کی امکانی صورتحال سے نمٹنے اور پیش بندی کے طور پر ہر ممکن حفاظتی اقدامات کے لئے تمام متعلقہ سرکاری ادارے اپنی تیاریاں اور انتظامات ہر لحاظ سے مکمل کریں تاکہ بوقت ضرورت ریسکیو سرگرمیوں میں کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے اور متاثرین کی ہر ممکن مدد ہو سکے۔
یہ ہدایات انہوں نے ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں جس میں ممکنہ ایمرجنسی کے پیش نظر تمام اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں محکمہ صحت، محکمہ آبپاشی،محکمہ تعلیم، لائیو سٹاک اور باقی تمام ضلعی اداروں نے شرکت کی۔
اجلاس میں انجینئر سعید احمد ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 نے فائر سیفٹی کے حوالے سے شہر میں فائرہائیڈرنٹ کی اسٹالیشن کی تجویز پیش کی تاکہ کسی بھی حادثے سے بچا جا سکے اس کے علاوہ سیلابی صورتحال میں لوگوں کو ریسکیو کرنے کے حوالے سے فلڈ سیکٹرز کی تشکیل،ریسکیوز کی سیلاب زدہ علاقوں میں تعیناتی، ہنگامی حالات میں لوگوں کو انخلا،ڈوبتے ہوئے لوگوں کو بچانے اور ان کو فرسٹ ایڈ فراہم کرنے جیسے اقدامات کا بتایا گیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ساتھ ساتھ دیگر تمام اداروں کی طرف سے بھی ہر سال دریاؤں میں سیلاب اور طغیانی کے سیزن کے دوران ریسکیو آپریشن کی تیاریاں بروقت مکمل کی جاتی ہیں تاکہ جس قدر ممکن ہو سکے جانی اور مالی نقصانات کو روکا جا سکے، اس حوالے سے انتظامیہ کے افسران اور دیگر متعلقہ محکموں اور اداروں کے افسران کو بھی ہدایات جاری کی جاچکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام محکموں کے افسران اپنے پچھلے سال کے پلان کو دیکھ کر اس سال کا پلان 18 فروری تک ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آفس میں جمع کروائے، سیلاب کی اطلاع دینے والے مراکز سے رابطے، دریا کے کنارے اور نشیبی علاقوں میں آباد مکینوں کو بروقت آگاہ کرنے اور متاثرین تک خوراک اور ہنگامی طبی امداد پہنچانے سے متعلق ادارے اپنا ورکنگ پلان تیار کرئے تاکہ بوقت ضرورت ہنگامی اقدامات میں کوئی کوتاہی نہ ہو۔