
جہلم: محتسب پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان کے حکم پر مختلف کیسوں میں مجموعی طور پر 56 اعشاریہ 40 ملین روپے کا ریلیف فراہم کیا گیاہے۔
ترجمان دفتر محتسب پنجاب نے آج یہاں جاری ایک بیان میں بتایا کہ میجر (ر) اعظم سلیمان خان کے حکم پر مختلف شکایات پر کارروائی کے نتیجے میں ننکانہ صاحب، حافظ آباد، جھنگ اور ڈیرہ غازی خان میں 3 کروڑ 38 لاکھ 40 ہزار روپے مالیت کی 25 کنال 19 مرلے سے زائد سرکاری اراضی کو ناجائز قابضین سے واگزار کروالیا گیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ لاہور، وہاڑی، ملتان، ساہیوال، بہاولنگر، سرگودھا، اٹک، بھکر ، میانوالی، چکوال، خانیوال اور راجن پور کے 24 شکایت کنندگان کو 2 کروڑ 25 لاکھ 61 ہزار 456 روپے کا مالی ریلیف بھی فراہم کیا گیا ہے۔ دفتر محتسب کی طرف سے شکایت کنندگان کو یہ مالی ریلیف پنشن، گریجویٹی، مالی امداد، تنخواہوں کے بقایا جات، لیوانکیشمنٹ، بلوں کی ادائیگی ،گروپ انشورنس اور سی ڈی آرز کی واپسی کی مد میں فراہم کیا گیا ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ محتسب پنجاب کے حکم پر بہاولنگر کے ایک مرحوم سرکاری ملازم کی دوران ملازمت وفات کے بعد دونوں بیوگان کو محکمہ آبپاشی کی جانب سے مالی امداد کی بقایا رقم 12 لاکھ روپے ادا کر دی گئی ہے جس سے ان کا پانچ سالہ پرانا مسئلہ حل ہوگیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ محتسب پنجاب کی جانب سے ایک علیحدہ درخواست پر کارروائی کی بناء پر ڈیرہ غازی خان کے ایک مرحوم نائب قاصد کی گروپ انشورنس کی رقم ان کی بیوہ زلیخا بی بی کو چار سال بعد مل گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ صوبائی محتسب کے آن موشن نوٹس کے نتیجے میں بورے والا، میلسی اور وہاڑی کی یونین کونسلز میں تعینات عملے کو تنخواہوں کے بقایا جات کے ساتھ ساتھ ماہانہ تنخواہ کے بروقت اجراء کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔