
جہلم: گورنمنٹ کامرس اور جنرل کالجز ڈسٹرکٹ جہلم کے پروفیسرز، لیکچررز وطلباء نے سول سیکرٹریٹ کے سامنے دھرنے سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے جی روڈ جہلم کو بلاک کردیا جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہونے کے سبب گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی اور شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
پے اینڈ سروس پروٹیکشن کمیٹی کے ذیلی کنونیئر پروفیسرمبشر اور پروفیسر قاسم نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے 19روز سے پنجاب بھر کے 700کالجز کے پروفیسرز سول سیکرٹیریٹ کے باہر دن رات دھرنہ دیے بیٹھے ہیں مگر پنجاب حکومت کے احباب اختیار پر جوں تک نہ رینگی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 6500 سے زائد پروفیسرز اور لیکچررز کو 2019 میں کیے گئے وعدہ پورا کرتے ہوئے پے اور سروس پروٹیکشن دی جائے۔پچھلے 19 دن سے پپلا اور سپلا کے پروفیسرز سول سیکرٹیریٹ کے باہر دھرنا دیے بیٹھے ہیں مگر پنجاب حکومت کے غیر سنجیدہ روئیے کے باعث مجبورا ہمیں اپنے حق کے لیے ایسا کرنا پڑا۔
احتجاج میں خواتین پروفیسر بھی شامل تھیں۔ پروفیسر جنید، پروفیسر حماد، پروفیسر نصیر، پروفیسرحمزہ، پروفیسر محمد نوید، پروفیسرتہمینہ، پروفیسر زنیرہ سعد، پروفیسر صائمہ، پروفیسر عاصم، نے مطالبہ کیا کہ جلد از جلد ہمارے مسائل حل کیے جائے ورنہ جہلم روڈ مکمل بند کر دی جائے گی۔