
جہلم: شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن فوٹو سیشن تک محدود، اندرون شہر و مضافاتی علاقوں میں تجاوزات کی بھرمار، پیدل چلنے اور ٹریفک کا نظام مفلوج ہو کر رہ گیا، تجاوزات مافیا نے پختہ تعمیرات بنانا شروع کر دیں، تجاوزات کی وجہ سے ٹریفک کے بہاؤ میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
مین بازارکے داخلی راستہ ، چوک گنبد والی مسجد،نیابازار، اقبال لائبریری روڈ، قبرستان چوک میں غیر قانونی تجاوزات کی وجہ سے سکول جانے والے طلباء و طالبات کے ساتھ ساتھ ایمرجنسی میں ایمبولنسسز، فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کا گزرنا بھی محال ہے، جس کی وجہ سے کسی بھی وقت کوئی بڑا سانحہ رونما ہو سکتا ہے۔
تجاوزات کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں رکاوٹ آئے روز کسی نہ کسی جھگڑے کا موجب بن رہی ہیں ، انتظامیہ نے گزشتہ ماہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کرنے کے بلند و بانگ دعوے کئے لیکن ضلعی انتظامیہ، میونسپل کمیٹی کا شعبہ انکروچمنٹ فوٹو سیشن تک محدود رہا۔
اندرون شہر کے بازاروں، گلی محلوں، چوک چوراہوں سمیت مضافاتی علاقوں کی سڑکوں، گلی محلوں کو تجاوزات مافیا نے نرغے میں لیکر پختہ تعمیرات شروع کررکھی ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔
شہریوںنے وزیراعلیٰ پنجاب ،چیف سیکرٹری پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔