
جہلم: پاکستان مسلم لیگ (ن) تحصیل جہلم کے صدر چوہدری راشد گھرمالہ نے کہا ہے کہ 28 مارچ کو ضلع جہلم کی عوام مہنگائی بیروزگاری ، بدامنی اور اقرباء پروری کے خلاف تاریخی لانگ مارچ میں بھرپور انداز سے شرکت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور ان کے وزراء عوام کے سامنے حکومتی کارکردگی کو بڑھا چڑھا کر پیش کر تے رہے ، عوامی جلسوں میں وزیراعظم کا مواصلاتی نظام اور ریلوے کے نظام کو منافع بخش اور کامیاب معاشی ترقی کا نام دیئے جارہے ہیں کہ ہم نے بہترین اقدامات کر کے ملک کو کروڑوں ڈالر کے منافع سے مالا مال کر دیا ہے۔
چوہدری راشد گھرمالہ نے کہا کہ اگر وزیراعظم کے دعوؤں میں صداقت ہے پھر بازاروں اور مارکیٹوں میں اشیاء خوردونوش سمیت اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں روز بروز اضافہ کیوں ہو رہاہے ، خوردنی تیل اور گھی کی قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر بڑھتی جارہی ہیں ، چاول ، چینی کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں جبکہ سیمنٹ کی بوری کی قیمت 800 روپے سے بھی تجاوز کر گئی ہے ، ناقص انتظامات اور جھوٹے دعوؤے ملک و قوم کا مقدر نہیں سنوار سکتے۔
انہوں نے کہا کہ قوم کو مزید تباہ نہ کیاجائے اور دلفریب نعروں کی آڑ میں عوام کو دھوکہ میں رکھتے ہوئے اقتدار کو طول دینے کی کوشش نہ کی جائے ، عوام موجودہ حکمرانوں کے تضادبیانات اور ناقص پالیسیوں سے تنگ آچکے ہیں ۔