
جہلم: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی دفتر کے انچارج چودھری تصور حسین نے مقامی ایم پی اے محترمہ سبرینہ جاوید کی طرف سے مختلف اخبارات میں جاری کیے گئے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرکزی دفتر کبھی بند نہیں ہوا نہ ہی کسی کو دفتر میں کیمپ لگانے سے روکا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نو منتخب صدر چودھری غلام احمد زمرد اور جنرل سیکرٹری فراز چودھری گزشتہ دو ہفتے سے مسلسل دفتر میں موجود ہیں اور کارکنوں کے ساتھ مل کر پہلے جہلم میں وزیر اعظم پاکستان جناب عمران خان سے اظہار یکجہتی اور وفاداری تبدیل کرنے والوں کے خلاف احتجاج کے طور پر ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی جس میں ضلع جہلم سے پی ٹی آئی کے ٹائیگرز نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ اس ریلی میں عوام کے جوش و جذبے نے ثابت کیا کہ ضلع جہلم پی ٹی آئی کا گڑھ ہے اور پی ٹی آئی کے کارکن نو منتخب صدر اور جنرل سیکرٹری کی زیر قیادت متحد اور متحرک ہیں۔
چودھری تصور حسین نے کہا کہ محترمہ سبرینہ جاوید کو معلوم ہونا چاہئیے کہ احتجاجی کیمپ شہروں کے مرکزی مقام پر لگایا جاتا ہے۔ پارٹی کے دفتر میں نہیں، مرکزی قائدین اور کارکنان ان دنوں اسلام آباد ریلی میں شرکت کے لیے انتظامات کو آخری شکل دے رہے ہیں اور 24 گھنٹے دفتر میں موجود ہیں۔خواتین کو کسی بھی قسم کی سیاسی سرگرمی سے نہیں روکا گیا۔