
منگلا/دینہ: ایف جی کالج منگلا کینٹ میں ”یوم پاکستان” کے حوالے سے پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں کالج کے پرنسپل پروفیسر شیر دل ملک، پروفیسرز اور تمام طلباء و طالبات نے پرجوش انداز میں شرکت کی۔
اس تقریب میں قومی، ملی یکجہتی اور بین المذاہب قومی ہم آہنگی کے فروغ میں مسلم ہندو اور کرسچن کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کی صدارت پرنسپل پروفیسر شیردل ملک نے سنبھالی۔
تقریب کے انتظام و انصرام کے فرائض وائس پرنسپل شاہد رضا نے سرانجام دیے جبکہ سٹیج سیکرٹری کی ذمہ داری سیکنڈ ایئر انجینئرنگ کی طالبہ آمنہ طاہر نے بطریق احسن پوری کی۔
تقریب کی خوبصورت بات یہ تھی کہ ایف جی کالج منگلا کے لیکچرار سلیمان یعقوب نے پاکستان کی عیسائی کمیونٹی کی نمائندگی کی جبکہ لیب اسسٹنٹ دلیپ نے نہ صرف پاکستانی ہندو کمیونٹی بلکہ وادی مہران کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنے پاکستانی تشخص اور وطن عزیز سے محبت کا شاندار الفاظ میں اظہار کیا۔
کالج کی طالبات نے انگریزی اور اردو تقاریر میں حصہ لیا خاص طور پر نور الصبح اور مومن احمد نے خوبصورت خیالات کا اظہار کیا۔ کالج کی طالبہ ماہ نور نے ملی نغمہ پیش کیا اور سامعین کی داد وصول کی۔
پرنسپل شیر دل ملک نے اپنے خطاب میں تشکیل پاکستان کی تاریخ کے ساتھ ساتھ پاکستان کے موجودہ حالات پر سیر حاصل گفتگو کی اور بطور ذمہ دار شہری طلباء و طالبات کے روشن مستقبل کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے خوبصورت الفاظ میں زندگی کا راستہ متعین کرنے میں ان کی رہنمائی کی۔
آخر میں پرنسپل سکول ہذا نے تقریب کے منظم وائس پرنسپل شاہد رضا کی تدریسی اور تنظیمی صلاحیتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں سراہا۔ تقریب میں شرکت کرنے والے طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی کی۔ آخر میں سیکنڈ ایئر کی طالبات نے قومی ترانہ پیش کیا اور اس کے ساتھ تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔