
جہلم: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے لانگ مارچ سے قبل جہلم میں مسلم لیگ (ن )کا شیرازہ بکھر گیا، مسلم لیگ( ن) ضلع جہلم میں خشک پتوں کی طرح بکھرنے لگی، (ن) لیگی قائدین کے استقبال کے لئے استقبالیہ کیمپ بھی الگ الگ لگائے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق لانگ مارچ سے قبل ضلع جہلم میں پاکستان مسلم لیگ(ن) ایک دفعہ پھر باہمی اختلافات اور انتشار کا شکار ہو گئی ہے ، مسلم لیگ(ن) کے پانچ دھڑے بن گئے ہیں ہر گروپ الگ الگ میٹنگ اور ریلیاں نکالنے میں مصروف ہیں، باہمی اختلافات کے باعث نکالی جانے والی ریلی مکمل طور پر ناکام رہی ، ریلی میں متعدد اہم رہنماؤں اور عہدیداران نے شرکت نہیں کی۔
مسلم لیگ(ن) جہلم کے زرائع کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ کے روز استقبالیہ کیمپ بھی الگ الگ لگائے جائیں گے ، بلال اظہرکیانی گروپ پی ایس او پمپ ، ندیم خادم گروپ جادہ ، مہر فیاض گروپ دینہ اور اویس خالد گروپ سوہاوہ کے مقام پر کیمپ لگائیں گے۔
مسلم لیگ(ن) جہلم میں اختلافات کے باعث کارکنان شدید اضطرابی کیفیت میں مبتلا ہیں۔
متعدداہم رہنماؤں نے پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہونے کے لئے پی ٹی آئی کے ضلعی جنرل سیکرٹری فراز حسین چوہدری سے رابطے شروع کررکھے ہیں، ماہ رمضان سے قبل انکی پی ٹی آئی میں شمولیت بھی متوقع ہے۔