
جہلم کے گنجان آباد علاقوں کے رہائشی ناقص سیوریج کے باعث مشکلات میں مبتلا، میونسپل کمیٹی کی انتظامیہ نام نہاد ترقی کے دعوے کرنے والے سابق سیاسی نمائندوں کے خلاف بلبلا اٹھے۔
سیوریج کی ناقص حکمت عملی کے باعث شہری علاقوں میں پچھلے کئی ماہ سے گٹروں کا گندہ پانی گلیوں میں کھڑا ہے، گندے پانی کی وجہ سے مچھروں اور کیڑے مکوڑوں کی افزائش میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہو رہاہے ، گٹروں کا جمع ہونے والا پانی تعفن اور بدبوکا باعث بن رہاہے ۔ جس کیوجہ سے علاقہ مکینوں کا سانس لینا بھی دشوار ہو چکا ہے۔
اندرون شہر کے گلی محلوں میں کھڑے گندے پانی کیوجہ سے بزرگ نمازی مسجدوں میں عبادت کرنے کے لئے نہیں پہنچ سکتے ، جبکہ سکولوں کالجوں میں زیر تعلیم طلباء و طالبات سمیت خواتین کا گلیوں میں گزرنا بھی محال ہو چکا ہے ۔
علاقہ مکینوں نے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی، ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ شہری علاقوں کا تفصیلی دورہ کرکے جن علاقوں میں سیوریج کا نظام درہم برہم ہے کی بحالی کے اقدامات کئے جائیں تاکہ علاقہ مکینوں کو پیش آنے والی مشکلات میں کمی واقع ہو سکے۔