
جہلم: شہر سمیت ضلع بھر میں زائد المیعاد مشروبات اور ناقص اجزاء سے تیارکردہ آئس کریم کی فروخت شروع ، بچے ، شہری گلے کی بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے۔
تفصیلات کے مطابق شہرسمیت ضلع بھر کے شہری و دیہی علاقوں میں معروف مشروب ساز کمپنیوں کے ناموں سے ملتی جلتی زائد المیعاد بوتلوں اور جوس کے ساتھ ساتھ مضر صحت آئس کریم فروخت کرنے کا عمل شروع ہو گیا ہے۔
مشروبات کا کارروبار کرنے والے دکانداروں کے پاس سینکڑوں کی تعداد میں زائد المیعاد بوتلیں اور جوسسز کا سٹاک موجود ہے جن کو دکانداروں نے موسم گرما کا آغاز ہونے کے ساتھ ہی دکانوں میں سجا دیا ہے اور دیدہ دلیری کے ساتھ ناقص ، مضر صحت زائد المعیاد بوتلوں اور جوسسز کی فروخت شروع کر دی گئی ہے جس کے استعمال سے بزرگ اور معصوم بچے مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔
ضلع بھر کی سماجی ، رفاعی ، فلاحی تنظیموں کے عمائدین سمیت شہریوں نے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے زائد المیعاد مشروبات و آئس کریم کی فروخت پر احتجاج کرتے ہوئے اس کے روک تھام کا مطالبہ کیا ہے۔