
جہلم: وزیراعظم عمران خان کی حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں ، وزارت عظمی کے منصب سے مستعفی ہوں یا عمران خان تحریک عدم اعتماد کا سامنا کریں ،دونوں صورتوں میں عمران خان کی حکومت کا سورج غروب ہو کر رہے گا، مہنگائی ، بیروزگاری و لاقانونیت اور اقرباء پروری کی خوفناک پالیسیوں سے عام آدمی کو نجات دلانے کے لئے منزل قریب آچکی ہے۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماء چوہدری راشد گھرمالہ نے لیگی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دھونس ، دھاندلی اور دھمکیوں کے ذریعے عمران نیازی اپنے ممبران اور اتحاد ی جماعتوں کو بھی مرعوب نہیں کر سکے گا، اقتدار کی زمین ان کے پاؤں سے سرکتی جاری ہے ، میاں محمد نواز شریف کا بیانیہ وقت کے ساتھ پوری قوم کی دل کی آواز بنتا جا رہاہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی خوشنودی کے لئے کشمیر فروش عمران خان آج اقتدار ہاتھ سے نکلتا محسوس کرکے بڑھکیں مار رہے ہیں کہ میرے خلاف انٹرنیشنل سطح پر سازش ہو رہی ہے ، مجھے اگر اقتدار سے نکالا تو میں گلی کوچوں میں نکل کر زیادہ خطرناک ثابت ہو جاؤں گا، عمران خان ہوش کے ناخن لو ، تم سے اقتدار چھیننے کی دیر ہے پاکستان کے غیر ت مند عوام تمہیں اپنے گھرسے نکلنے نہیں دیں گے۔
چوہدری راشد گھرمالہ نے کہا کہ 28 مارچ کا دن پاکستان کی تاریخ کا اہم ترین دن ثابت ہوگا، جب پی ڈی ایم کی جماعتیں اور پاکستان کے محب وطن عوام ایک بڑے سیلاب کی صورت میں راولپنڈی اسلام آباد کی سڑکوں پر ہوں گے اور موجودہ انتظامی سیاست کرنے والی حکومت سے نجات حاصل کرکے دم لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ محترمہ مریم نواز ، میاں حمزہ شہباز، کی زیر قیادت لاہور سے آنے والے عوامی قافلے کا دریائے جہلم پل پر بھرپور استقبال کریں گے جبکہ قائدین جادہ کے مقام پر ضلع جہلم کے غیور عوام سے خطاب کریں گے ۔ ضلع جہلم کی عوام سے بھرپور حاضری کی امید ہے جس کے لئے ضلع بھر کی چاروں تحصیلوں کی عوام کا جم غفیرمحترمہ مریم نواز، میاں حمزہ شہباز کے قافلے میں شامل ہو کر اسلام آباد پہنچے گا۔
چوہدری راشد گھرمالہ نے کہا کہ جہلم میاں محمد نواز شریف ، میاں شہباز شریف ، محترمہ مریم نواز، میاں حمزہ شہباز کا اپنا گھر ہے یہاں کے افراد میاں نواز شریف کے ساتھ والہانہ لگاؤ رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 28 مارچ کو پی ڈی ایم کی جماعتیں مشترکہ طور پر موجودہ انتظامی سیاست کرنے والی کرپٹ حکومت کو اسلام آباد کے کھلے میدان میں اپنی بھرپورعوامی طاقت سے نیست و نابود کر دیگی ،جس کے لئے ضلع بھر کی عوام کا 28 مارچ کو سالارِ قافلہ چوہدری ندیم خادم کی زیر قیادت اسلام آباد میں اپنی سیاسی قوت اور عوام کی موجودگی کا احساس دلانا ہوگا۔
انہوں نے موجودہ حکمران اور عمران خان کی کابینہ کے وزراء کی حواس باختگی کا زکر کرتے ہوئے کہا کہ لمبی زبان رکھنے والے وزراء کی وزارتیں ختم ہونے میں صرف چند گھنٹے باقی رہ گئے ہیں اور متذکرہ وزیروں کی سیاسی تاریخ وقت کے ساتھ ساتھ لاتعداد سیاسی جماعتیں تبدیل کرنے سے بھری پڑی ہیں ، ہم 28 مارچ کو ضلع جہلم کی عوام کا بڑا قافلہ لیکر قائدین کی قیادت میں اسلام آباد میں داخل ہونگے اور قیادت کے فیصلے کے مطابق مہنگائی مارچ کا رخ جس طرف ہوگا، جہلم کی عوام کارخ اسی طرف ہوگا۔