ضلع جہلم میں یومِ پاکستان ملی جوش و جذبے اور شایانِ شان طریقے سے منایا گیا

جہلم: ضلع جہلم میں بدھ کو یوم پاکستان ملی جوش و جذبے اور شایان شان طریقے سے منایا گیا۔ اس سلسلہ میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ڈپٹی کمشنر احاطہ میں منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر نعمان حفیظ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رانا طاہر الرحمان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مطاہر حیات وٹو اور دیگر سرکاری و نیم سرکاری محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے سبر ہلالی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر جہلم پولیس، ریسکیو اہلکاروں اور سول ڈیفنس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نعمان حفیظ نے اپنے خطاب میں کہا کہ 23 مارچ کو قرار داد پاکستان منظور کی گئی۔ مسلمانوں نے اس بات کا عہد کیا کہ ہم الگ ریاست کا قیام کریں گے اور قائد اعظم محمد علی جناح کی بصیرت افروز قیادت میں آزاد ملک پاکستان حاصل کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ آئیے آج پھر عہد کریں کہ آنے والی نسلوں کے لیے ہمیں تعمیر پاکستان کے عزم کی تجدید کر کے ترقی اور خوشحالی کی جانب تیزی سے آگے بڑھنا ہے آج پھر ہمیں اس ملک کو مضبوط بنانا ہے اسکو آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ پناہ گاہ بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو بھی آزادی کیلئے بزرگوں کو دی گئی قربانیوں سے آگاہ رہنے کے ساتھ ساتھ تعمیر پاکستان کیلئے اپنے بھر پور صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہے۔ مزید یہ کہ ہمیں اس عزم کا اظہار کرنا ہے کہ ہم اپنے پیارے وطن کی حفاظت اپنی جان سے بڑھ کے کریں گے اور کسی کو بھی اپنے وطن عزیز کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

اس موقع پر انہوں نے موسم بہار شجرکاری مہم کے تحت پودے بھی لگائے۔یوم پاکستان کی تقریبات کے سلسلہ میں تعلیمی اداروں میں بھی مختلف پروگرامز منعقد ہوئے جبکہ سیاسی،سماجی و مذہبی اور کاروباری تنظیموں نے بھی یوم پاکستان کے حوالے سے مختلف تقریبات منعقد کیں۔

یوم پاکستان کے موقع پر ضلع بھر کی تحصیلوں میں بھی اسی نوعیت کی تقریبات منعقد ہوئیں۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button