
جہلم: حکومت کی جانب سے کھلے سگریٹ فروخت کرنے پر عائد پابندی کے باوجود دھڑلے سے آدھی ڈبی اور2/4 سگریٹ فروخت کرنے کا سلسلہ جاری ، ذمہ داران خراٹے لینے میں مصروف ، دکانداروں نے حکومتی رٹ کو بھی چیلنج کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے سگریٹ فروخت کرنے والے دکانداروں کو کھلے سگریٹ فروخت نہ کرنے اور 18 سال سے کم عمر بچوں کو سگریٹ فروخت نہ کرنے کے احکامات جاری کررکھے ہیں جبکہ ضلع بھر کے دکانداروں نے حکومتی احکامات کو ہوا میں اڑاتے ہوئے آدھی ڈبی ، ایک دو سگریٹ اور خریدار کے لئے عمر کی کوئی قید نہیں فروخت رہے ہیں جس کیوجہ سے نو عمر بچے گلی محلوں میں سگریٹ سلگاتے دکھائی دیتے ہیں۔
والدین کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ حکومت نے 7/8 ماہ کھلے سگریٹ فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں کیں لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ دوبارہ سے کھلے سگریٹوں کی فروخت کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے جس کی وجہ سے نو عمر بچے بے راہ روی کا شکار ہو رہے ہیں۔
متاثرہ بچوں کے والدین نے ڈی پی او جہلم سے مطالبہ کیاہے کہ کھلے سگریٹ فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کروائے جائیں تاکہ نوعمر بچوں کو بے راہ روی سے بچایا جا سکے ۔