
پنڈدادنخان: شہیدوں غازیوں اور مجاہدوں کی سرزمین تحصیل پنڈدادنخان کے نواحی علاقہ ٹوبھہ میں یوم تکریم شہداء کے سلسلے میں پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے شہید فوجی جوان شاہ رخ سنی کے مزار پر سلامی دی۔
اس موقع پر شہید کی والدہ اور پاک فوج کے افسران نے مزار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی، پاسبان ٹوبھہ کے نوجوانوں نے پاک فوج کے دستے کا استقبال کرتے ہوئے پاک فوج زندہ باد پاکستان پائندہ باد کے نعرے لگاتے ہوئے پاک فوج کے دستے کا پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے ہوئے پرتپاک استقبال کیا۔
شہید کی قبر پر سلامی کے موقع پر کرنل علی نے کہا کہ پاک فوج اور قوم اپنے شہدا کو یاد رکھتی ہے، پاک فوج کا ہر افسر اور جوان ملک و قوم کی سلامتی اور وقار کے لیے جان کی بازی لگا کر فرائض انجام کرتے ہیں، پاک فوج کے شہداء کی قربانیوں اور فرض شناسی کے سبب سے ہی ہم سب آزاد فضا میں پرسکون زندگی بسر کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمغہ بسالت ملک کی حفاظت کی خاطر د شمن کے خلاف بہادری سے لڑنے والوں کو ہی ملتا ہے، اس لیے شہید شاہ رخ سنی کو تمغہ بسالت سے نوازا گیا ہے، شہداء کی مائیں بھی شیر دل ہوتی ہیں جو ملک کی خاطر اپنے شیر جوان قربان کردیتی ہیں۔ تحصیل پنڈدادنخان شیر دلوں کی دھرتی ہے، تحصیل پنڈدادنخان کے بہت سے جوان آج بھی ملک کی حفاظت کے لیے سرحدوں پر اپنے فرایض انجام دے رہے ہیں۔