
دینہ: محکمہ ہائر ایجو کیشن ڈیپارٹمنٹ کی بے حسی، گورنمنٹ کالجز و سکولز میں کلریکل سٹاف کی کمی ، خالی آسامیوں پر تعیناتیاں التوا کا شکار ، کالجز و سکولز کے دفتری امور بری طرح متاثر ،کلرکوں کی ذمہ داریاں درجہ چہارم کے ملازمین اورگریڈ 17 تا20 کے اساتذہ انجام دینے پر مجبور ، شہریوں نے اعلی احکام سے خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا مطالبہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ ہائر ایجو کیشن ڈیپارٹمنٹ کی بے حسی کا یہ حال ہے کہ ضلع جہلم میں موجود گورنمنٹ کالجز و سکولز میں کلرکوں کی آسامیوںپر تاحال تعیناتیاں نہیں کی جا سکیں، کلرکوں کی ذمہ داریاں 17 تا 20گریڈ کے ٹیچرزاوردرجہ چہارم کے ملازمین دفتری امور سر انجام دے رہے ہیں جس کے باعث ملازمین شدید زہنی کیفیت کے ساتھ ساتھ چڑ چڑے پن کاشکار ہو رہے ہیں۔
بروقت کام نہ ہونے سے سکولوں و کالجوں میں زیر تعلیم طلباء و طالبات کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہاہے، جبکہ بڑے کالجز و سکولز میں کلریکل سٹاف کی منظور شدہ آسامیاں کم ہونے کے باعث عملہ کی کمی کی وجہ سے بھی کام کا بوجھ بہت زیادہ ہو چکا ہے ۔
جہلم کی عوامی ،سماجی ، رفاعی ، فلا حی تنظیموں کے عمائدین نے محکمہ ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی اس بے حسی پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری حکومت کے دورِ اقتدار میں پہلی مرتبہ کالجز و سکولز میں کلریکل سٹاف کی خالی آسامیوں پر درجہ چہارم کے ملازمین کو ذمہ داریاں سونپی گئیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ متعلقہ افسران کو چاہیے کہ کلریکل سٹاف کے امور انجام دینے والے درجہ چہارم کے ملازمین کو اپ گریڈ کرکے درجہ چہارم کے نئے ملازمین کو بھرتی کیا جائے تاکہ کالجوں سکولوں میںزیر تعلیم طلباء و طالبات کے امور احسن طریقے سے انجام دیئے جا سکیں ۔