
جہلم: میونسپل کمیٹی جہلم کے درجنوں سے زائد سینٹری ورکرز شہر میں صحت و صفائی کی سہولتیں فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ، شہر کی 36 وارڈ ز میں اکثر وارڈز کے گلی محلے گندگی سے اٹے پڑے ہیں، متعدد سینٹری ورکرز افسران اور سیاست دانوں کے ڈیروں پر کام کر رہے ہیں ، جس کی وجہ سے شہر میں صفائی کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیاہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر تمام سینٹری ورکرز دیانت داری سے کام کریں تو شہر میں صفائی کا نظام بہت بہتر ہو سکتا ہے، میونسپل کمیٹی سے متعدد سینٹری ورکرز ریٹائرڈ ہو چکے ہیں ، جن کی جگہ نئی بھرتیاں نہیں ہوسکیں جس کی وجہ سے صفائی کے معاملات درہم برہم ہیں جس وارڈز میں 5/6 سینٹری ورکرز کام کرتے تھے۔
اس وارڈ میں اب 1/2 سینٹری ورکرز کام کررہے ہیں جن میں سے متعدد سپروائزروں کی آشیر باد سے نجی پلازوں ، دفتروں مارکیٹوں، کوٹھیوں میں کام کرکے لمبی دیہاڑیاں لگانے میں مصروف ہیں، اس طرح سینٹری سپروائزر ان کی تنخواہوں سے کٹوتی کرکے اپنا حصہ بقدر جثہ وصول کر لیتے ہیں جس کے باعث شہر میں صفائی کا نظام بری طرح متاثر ہو رہاہے۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر ، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سے سینٹری ورکرز کی کمی کو پورا کرنے اور باقی ماندہ کو ایمانداری سے کام کروانے کا مطالبہ کیاہے ۔