پی ٹی آئی تحصیل پنڈدادنخان کے سابق صدر راجہ افتخار احمد شہزاد نے پی ٹی آئی کو خیرباد کہہ دیا

پنڈدادنخان: 2018ء میں عمران خان کے ویژن کو سامنے رکھتے ہوئے اور چوہدری فواد حسین کی اچھی گفتگو اور وعدوں کو سامنے رکھ کر اس امید پر ووٹ دئیے تھے کہ ہمارے علاقہ میں کسی سے ظلم و زیادتی نہیں ہو گی، اجتماعی کام ہوں گے لیکن رزلٹ بالکل مختلف ہے کرپشن کے خاتمے کی بجائے ہمارے ضلع جہلم و تحصیل پنڈ دادنخان میں چار سو فیصد کرپشن بڑھی ہے۔

ان خیالات کا اظہار سابق صدر پی ٹی آئی تحصیل پنڈ دادنخان راجہ افتخار احمد شہزاد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے خصوصی ورکرز کو عزت نہیں ملی بلکہ انھیں نظر انداز کر دیا گیا ہے، انتقامی کارروائیاں عروج پر ہیں ہمارا ضلع غیر سیاسی لوگوں کے ہاتھوں میں ہے اس لئے ہم تمام دوستوں کے مشورے سے پی ٹی آئی کو مکمل طور پر خیر آباد کہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی جو فضا قائم کی گئی ہے اس میں اپوزیشن کو محنت نہیں کرنا پڑی کیونکہ حکومتی خوشامدی وزراء نے جو کردار اور زبان استعمال کی ہے اس لئے اپوزیشن کو زیادہ محنت نہیں کرنا پڑی۔

راجہ افتخار احمد شہزاد نے کہا کہ عمران خان ایک غیر سیاسی آدمی ہے کیونکہ سیاستدان کو بڑی پہنچا ن ہوتی ہے لیکن انہوں نے آستین کے سانپ ہی پالے ہیں، انتہائی نالائق حکومت دیکھی ہے ایم این اے،ایم پی اے اور ہمارے جیسے لوگ پی ٹی آئی کو چھوڑ کر جا رہے ہیں، ہم پی ٹی آئی کو چھوڑنے کا اعلان کرتے ہیں، ہمارا حکومتی پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں پی ٹی آئی کے ورکر ہمارے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی آئی سوڈا ایش کھیوڑہ ہمارے حلقہ کو تباہ کر رہی ہے، زہریلے پانی کو جمع کرنے کے لئے تالاب بنائے جا رہے ہیں، تمام اجتماعی کاموں کونظر انداز کیا گیا، ڈنڈوت سیمنٹ دو سالوں سے بند پڑی ہے، 6 سو خاندان بھوکے مر رہے ہیں، یہ لوگ مالکان اور یونین کو آمنے سامنے نہیں بٹھا سکتے۔

راجہ افتخار احمد شہزاد نے کہا کہ غریب وال فیکٹری کے مزدوروں کو مکمل حقوق نہیں مل سکے، یہ کہتے تھے کہ ہم ٹبیکو کمپنی اور آئی سی آئی سے علاقہ کا حق لیں گے لیکن انہوں نے اپنے اور اپنے بھائی کا ہی حق لیا ہے، عوام کو کچھ نہیں ملا ہم نے تاحال کسی جماعت میں شمولیت کا اعلان نہیں کیا، چوہدری عابد اشرف جوتانہ بھی ہمارے قافلے کا حصہ ہیں، ہمارا حکومتی پی ٹی آئی سے کوئی واسطہ نہیں۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button