حکومت پنجاب کی جانب سے مقرر کردہ 47 آگاہی تقریبات کا ہدف مکمل ہو چکا ہے، سدھیر احمد مغل

جہلم: جنگلات کے عالمی دن کے موقع پر ڈویژنل فاریسٹ آفیسر جہلم سدھیر احمد مغل نے پودا لگایا اور خصوصی پیغام میں شہریوں سے اپیل کی کہ فضائی و ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کیلئے شجر کاری مہم کے دوران کم از کم ایک ایک پودا لگائیں۔

انہوں نے کہا کہ شجر کاری ایک قومی ذمہ داری ہی نہیں بلکہ صدقہ جاریہ بھی ہے جبکہ آج جنگلا ت کے عالمی دن کے موقع پر کارکردگی بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موسم بہار کی رواں شجر کاری مہم کے دوران ضلع جہلم میں 13 لاکھ کے قریب نئے پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس میں سے اب تک 5 لاکھ 35 ہزارسے زائد پودے لگائے جا چکے ہیں،45 ہزار 760 پودے پرائیویٹ سیکٹر کو فروخت کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آرمی نے 65 ہزار سے زائد پودے لگائے جبکہ سرکاری جنگلات میں 4 لاکھ 4 ہزار اور دیگر سرکاری محکموں نے 20 ہزار 862 پودے لگائے ہیں۔ حکومت پنجاب کی جانب سے مقرر کردہ 47 آگاہی تقریبات کا ہدف مکمل ہو چکا ہے۔ شجرکاری کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ ماحول کو سرسبز و شاداب رکھا جا سکے جو حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام کے دوران شجر کاری کی اہمیت سے کسی طور انکار نہیں کیا جا سکتا۔زیادہ سے زیادہ پودے لگانے، بھر پور شجر کاری اور جنگلات کی حفاظت کیلئے بھی شہریوں کو اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہو گا جس کیلئے محکمہ جنگلات کی جانب سے انہیں بھر پور معاونت فراہم کی جائے گی۔ ہم صرف پودا لگا کر ہی اپنے فرض سے عہدہ برآ نہیں ہو سکتے بلکہ ان پودوں کے تناور درخت بننے تک حفاظت بھی ہماری ذمہ داری ہے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button