
پنڈدادنخان: فوڈ اتھارٹی کی ٹارگٹ کارروائیاں قابل مذمت ہیں، چیکنگ کے نام پر دہشت پھیلائی جا رہی ہے، فوڈ اتھارٹی ٹیم شہر میں ایسے داخل ہوتی ہے جیسے فوج دشمن کے علاقے میں، اعلی احکام نوٹس لیں ورنہ احتجاج پر مجبور ہوں گے۔
ان خیالات کا اظہار انجمن تاجران کے مرکزی رہنما چوہدری زبیر جمیل نے فوڈ اتھارٹی کی غیر منصفانہ چیکنگ پر احتجاج کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دوران کارروائی فوڈ اتھارٹی اہلکاروں کا رویہ انتہائی نامناسب اور ہتک آمیز ہوتا ہے جس کے باعث کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش آ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور دن بدن بڑھتی ہوئی قیمتوں سے تاجر پہلے ہی پریشان ہیں، اوپر سے فوڈ اتھارٹی نے تاجروں کی مشکلات میں مزید اضافہ کیا ہوا ہے۔
چوہدری زبیر جمیل نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی ایک ہی دوکان پر چھ چھ بار کارروائی کر رہی ہے، چھوٹے دوکاندار کو انڈسٹری اور انڈسٹری کو چھوٹی دوکان کے طور پر درج کیا ہوا ہے۔ فوڈ اتھارٹی اہلکاروں نے اپنی کارکردگی کے چکر میں فرضی کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اعلی احکام نوٹس لیں، اگر فوڈ اتھارٹی کا رویہ یہ ہی رہا تو رمضان بازاروں میں حکومت سے کسی قسم کا تعاون نہیں کیا جائے گا اور احتجاج کیا جائے گا۔