
جہلم: پاکستان تحریک انصاف کی حکومت حالت نزع میں ہے یہ کسی بھی وقت ختم ہو سکتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری راشد گھرمالہ نے جہلم پریس کلب کے نمائندہ وفد سے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیازی حکومت مکافاتِ عمل کا شکار ہے جس طرح پہلے تحریک انصاف میں دوسری پارٹیوں سے الیکٹ ایبل افراد کو شامل کروایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ دھاندلی کے باوجود عوامی اکثریت نہ ملنے پر جوڑ توڑ کرکے ان کی حکومت بنوائی گئی ، بالکل اسی طرح پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی پارٹی چھوڑ رہے ہیں اور جلد ہی پی ٹی آئی حکومت کا دھڑن تختہ بھی ہونے والا ہے، اب یہ حکومت وینٹی لیٹر پر ہے اس طرح چند دنوں کی مہمان ہے۔
چوہدری راشد گھرمالہ نے کہا کہ انشاء اللہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی ہدایات کے عین مطابق ضلع جہلم سے مسلم لیگی شیروں کا بڑا قافلہ چوہدری ندیم خادم کی قیادت میں تحریک انصاف کی سلیکٹڈ اور نالائق حکومت کے خاتمے کے لئے لانگ مارچ اور اسلام آباد دھرنے میں بھرپور شرکت کرے گا، اس حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں ۔