
جہلم: ملک بھر کی طرح جہلم میں بھی شب برات مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی، شہریوں کی توبہ استغفار، نوافل، نماز تسبیح او ر سحری کا اہتمام کے ساتھ ساتھ مساجد میں خصوصی محافل کا انعقاد کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق 15شعبان کی نسبت سے شب برات شہر سمیت ضلع بھر میں انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی اور اس حوالے سے شہریوں نے پوری رات نوافل ، توبہ استغفار ، دعاؤں اور ذکر و ازکارمیں گزاری۔
شہر بھر کی مساجد میں اس حوالے سے خصوصی محافل کا اہتمام کیا گیا ،جہاں علما ء کرام نے شب برات کی اہمیت اور فضیلت پر روشنیاں ڈالیں، جبکہ بعض مساجد میں نمازیوں کیلئے سحری کا اہتمام بھی کیا گیا۔
مسجدوں میں رات گئے تک نماز تسبیح کے بعد گناہوں سے معافی اور ملکی سلامتی اور خوشحالی کیلئے دعائیں کی گئیں۔ ضلعی پولیس کی جانب سے مساجد اور دیگر مقامات پر منعقدہ محافل کی سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کئے گئے۔