
جہلم: ضلع جہلم میں نئے سال کی پانچ روزہ پولیو مہم 28 فروری سے شروع ہو کر 4 مارچ تک جاری رہے گی، اس دوران ضلع بھر میں پانچ سال تک کی عمر کے 1 لاکھ 91 ہزار سے زائد بچوں کو گھر گھر جا کر پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
اس سلسلے میں انتظامات کا جائزہ اجلاس ڈپٹی کمشنر نعمان حفیظ کی زیرصدرات منعقد ہوا۔ جس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر وسیم اقبال، ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسر بابر ظہیر، محکمہ انفارمیشن، پولیس، ایجوکیشن، اور دیگر محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔
سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر وسیم اقبال نے بریفننگ دیتے ہوئے بتایا کہ28 فروری سے شروع ہونے والی پولیو مہم کے حوالے سے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، پولیو ٹیموں کی ٹریننگ مکمل ہو چکی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع جہلم کی 56 یونین کونسلز میں 1 لاکھ 91 ہزار سے زائد بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، جس میں 808 موبائل ٹیمز، 74 فکسڈ ٹیمز اور 24 ٹرانزٹ ٹیمز حصہ لیں گی۔