
جہلم: ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری ظفر اقبال کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیش کمیٹی جہلم کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ان کے ہمراہ ممبر صوبائی اسمبلی راجہ یاور کمال، ڈپٹی کمشنر جہلم نعمان حفیظ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رانا طاہر الرحمٰن بھی موجود تھے، اس کے علاوہ تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز سمیت تمام سرکاری محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔
اجلاس میں کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام، سالانہ ترقیاتی پروگرام اور لوکل گورنمنٹ کی سکیموں پر اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، ضلع بھرکے میگا پراجیکٹس، جلال پور ایریگیشن، لا اینڈ آرڈر کی صورتحال، قلعہ نندنہ اور ٹلہ جوگیاں کی بحالی، ڈی ایچ کیو ٹراما سنٹر کی تعمیر میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے سمیت سالانہ ترقیاتی منصوبوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
چوہدری ظفر اقبال نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود اور انہیں بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، تمام محکمے مربوط حکمت عملی کے تحت عوامی خدمت کے لئے کام کریں۔ عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ بجلی، پانی، گیس، روڈ اینڈ انفراسٹرکچر کے مسائل ترجیحاتی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔