
جہلم: ضلعی ہیڈ کوارٹر میں مصروف ترین چوک ،چوراہوں پر غیر قانونی رکشہ سٹینڈز قائم، چھوٹی گاڑیوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ غیر قانونی رکشہ سٹینڈز کے باعث ایک جانب تو شہریوں کو آمدوفت میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہاہے، تو دوسری جانب حادثات کی شرح میں اضافہ ہو رہاہے۔
جہلم شہر کے مصروف ترین چوک ، چو راہے ،چوک گنبد والی مسجد، شاندار چوک، محمدی چوک، جادہ چوک ، روہتاس روڈ سمیت دیگر چوک ، چوراہوں میں رکشہ ڈرائیوروں نے قبضے جما رکھے ہیں جس سے چوک اور چوراہے سکڑ چکے ہیں۔
رکشہ ڈرائیورزمیں اکثریت کم عمر لڑکوں کی ہے جن کے پاس ڈرائیونگ لائسنس تو کجا شناختی کارڈ تک نہیں بنا ہوتا، جوقانون سے نا واقف ڈرائیور تیز رفتاری سے شہر کی سڑکوں پر چنگ چی رکشے چلاتے نظر آتے ہیں، اکثر اوقات زیادہ سواریاں بٹھانے کے لالچ میں حادثات کا کا شکارہوجاتے ہیں۔
شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ غیر قانونی رکشہ سٹینڈز ختم کروانا میونسپل کمیٹی اور ٹریفک پولیس کے ذمہ داران کی ذمہ داری ہے تاکہ سڑکیں کشادہ ہو سکیں ۔ شہریوں نے ڈی پی او، ڈی ایس پی ٹریفک ،چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔