
سوہاوہ (شیخ علی رضا) یونین کونسل لہڑی میں جنگلات اور جنگلی حیات کے حوالے سے آگاہی مہم سیمینار کا انعقاد کیا۔ سیمینار میں ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر سدھیر مغل، ڈسٹرکٹ آفیسر وائلڈ لائف عمران علی، سیکرٹری آصف اور نوجوانوں کی آواز راجہ زاہد عزیز خان سمیت یونین کونسل سے بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ایف او سدھیر احمد مغل نے کہا کہ جنگلات ہمارے لیے بہت اہمیت کے حامل ہیں، خوبصورتی کی بات کی جائے تو لہڑی کے جنگلات سب سے زیادہ خوبصورت ہیں اور اگر آپ اور ہم مل کر اس کو بچائیں تو یہ دنیا بھر کے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن سکتا ہے۔
محکمہ وائلڈ لائف کے ضلع جہلم کے آفیسر عمران علی نے کہا کہ جنگلات اور جنگلی حیات یہ ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں، اگر آپ جنگلی حیات کا شکار نہیں روکیں گے تو جنگلات اور آپ لوگوں نے جو درخت لگائے ہیں ان کو نقصان ہو گا کیونکہ بہت سے جنگلی حیات ایسے ہیں جو درختوں کو بچانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
سیمینار سے خطاب میں راجہ زاہد عزیز خان نے کہا کہ پہلی بار یونین کونسل لہڑی آگاہی مہم کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد خوش آئند ہے اور یہ ہم سب کے لیے بہت خوشی کی بات ہے اور یہ سلسلہ اب چل پڑا ہے، یہ ہمارا پہلا سیمینار تھا، انشاء اللہ اب ہم سب مل کر اپنے جنگلات اور جنگلی حیات کو بچائیں گے۔
راجہ زاہد عزیز خان نے سیمینار میں آنے والے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔