
جہلم: محکمہ بہبود آبادی کی ڈسٹرکٹ ٹیکنیکل کمیٹی کا ماہانہ اجلاس سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر میاں مظہر حیات کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
ضلعی آفیسر محکمہ بہبود آبادی بابر ظہیر نے شرکاء کو محکمہ کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ پیش کیا، جس میں محکمہ بہبود آبادی کی جانب سے فراہم کی گئی خدمات، مانع حمل ادویات اور ماں بچے کی صحت اور خاندانی منصوبہ بندی بارے آگاہی مہم شامل ہیں۔
بابر ظہیر نے متعلقہ سرکاری اور نجی محکموں بالخصوص محکمہ صحت کے ساتھ تعاون کے فروغ کے لیے کئے گئے اقدامات کے بارے میں بھی بتایا کہ محکمہ بہبود آبادی جہلم کا عملہ صحت سے متعلق اقدامات خاص طور پر کووڈ ویکسین، پولیو ویکسین، انسداد خسرہ اور ڈینگی وائرس کے خاتمے کے لیے محکمہ صحت کے ساتھ دن رات کوشاں ہے جبکہ محکمہ تعلیم اور دیگر محکموں کے تعاون کو بھی سراہا اور غیر سرکاری تنظیموں خاص طور پر ایف۔پی۔اے۔پی کے کردار کی تعریف کی۔
سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر میاں مظہر حیات نے محکمہ بہبود آبادی اور محکمہ صحت کے مثالی تعاون کو سراہا اور اس بات کا عہد کیا کہ ضلع جہلم میں عوام الناس کی بہتری اور بہتر خدمات کی فراہمی کے لیے محکمہ بہبود آبادی اور محکمہ صحت کے مابین اشتراک اور تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا۔
اجلاس میں دونوں محکموں کے عملہ کے لئے تربیتی سیشنز اور ان علاقوں میں جہاں صحت اور خاندانی منصوبہ بندی کی سہولیات کے مراکز یا عملہ موجود نہیں ہیں کے مکینوں کو بہتر خدمات اور سہولیات کی فراہمی کے لیے مشترکہ لائحہ عمل بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔