
جہلم: کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے سوہاوہ اور جہلم میں مفت آٹے کی تقسیم کے لیے قائم فری آٹا ڈسٹری بیوشن سنٹر کا دورہ کیا۔ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن سید ندارت علی اور ڈپٹی کمشنر جہلم سمیع اللہ فاروق بھی اس موقع پر موجود تھے۔
کمشنر راولپنڈی نے مستحقین کو آٹا کی فراہمی کے عمل کا جائزہ و انتظامات چیک کئے۔ انہوں نے آٹے کے معیار اور وزن کو بھی چیک کیا۔کمشنر راولپنڈی نے وہاں پر موجود لوگوں سے آٹے کے معیار اور انتظامات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے ڈیوٹی افسران کی موجودگی اور آٹا لینے آنے والے مردوخواتین کے بیٹھنے کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا، میڈیکل کاؤنٹر پرصحت کی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔
اس موقع پر کمشنر راولپنڈی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مفت آٹا معاشی طور پر کمزور لوگوں کے لیے بڑا ریلیف ہے۔ عوام کے لیے مفت آٹا وافرمقدار میں موجود ہے۔ مفت آٹا پیکج عوامی فلاح و بہبود کا منصوبہ ہے۔ انتظامیہ عوام کی خدمت کے لیے ہر وقت فیلڈ میں موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ مستحقین کی ہر ممکن مدد اورخدمت کو یقینی بنانے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ 25 رمضان تک مفت آٹا ملے گا۔ دوردراز علاقوں کے لیے ٹرکنگ پوائنٹس قائم کرنے جا رہے ہیں۔ عوام حکومت پنجاب کے مفت آٹا پیکج کو سراہا رہے ہیں۔ مفت آٹے کی فراہمی کے عمل کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔ کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
کمشنر راولپنڈی نے جہلم میں طلباء کی بطور رضاکار خدمات کو سراہا۔