
جہلم: محکمہ جنگلی حیات کی غیر قانونی شکاریوں کے خلاف کارروائی، 1200 سے زائد گھریلو چڑیوں کو برآمد کرلیا، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج، ڈیڑھ لاکھ جرمانہ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ جنگلی حیات جہلم کے حکام راجہ بنارس اور محمد عمران کی قیادت میں کارروائی کرتے ہوئے گھریلو چڑیوں کو پکڑ کر فروخت کرنے والے گروہ کے ارکان گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 1200 سے زائد چڑیوں کو برآمد کرلیا۔
ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے موقع پر چھ سو چڑیوں کو اپنے ہاتھ سے آزاد کیا جبکہ چھ سو سے زائد چڑیوں کو مقامی جنگل میں آزاد کیا گیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ معصوم بے ضرر پرندوں کو پکڑکر بیچنے والے انسانی قبیح حرکت کے مرتکب ہوتے ہیں یہ ہمارے ماحول کی قدرتی خوبصورتی ہے ایسے افرا د کو ہر گز رعایت نہیں دی جائے گی۔
محکمہ جنگلی حیات کے افسران نے بتایا کہ مذکورہ ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق مقدمہ درج کرکے ڈیڑھ لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا ہے جس پر ڈپٹی کمشنر نے محکمہ جنگلی حیات کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ایسے قانون شکن افراد کے خلاف مزید کارروائیوں کی ہدایت کی۔