
دینہ کے قریب جی ٹی روڈ پر ٹریفک کا خوفناک حادثہ، تیز رفتار کار نے آگے جانے والے موٹرسائیکل کو پیچھے سے ٹکر دے ماری، موٹرسائیکل سوار جی ٹی روڈ پر کھڑے ٹرک کے ساتھ جا ٹکرایا جب کہ پیچھے سے بے قابو کار بھی چڑھ دوڑی، 55 سالہ موٹرسائیکل سوار محکمہ زراعت کا ریٹائرڈ ملازم جاں بحق جبکہ کار میں سوار 4 افراد بھی شدید زخمی ہو گئے ، ریسکیو 1122نے زخمیوں اور جاں بحق ہونے والے شخص کو ہسپتال منتقل کیا۔
تفصیلات کے مطابق دینہ کے قریب جی ٹی روڈ کالووال موڑ کے مقام پر جہلم کی طرف سے آنے والی تیز رفتار کار نمبری RID-126 نے آگے جانے والے موٹرسائیکل سوار نمبری JMK-6889 کو پیچھے سے ٹکر دے ماری ، جس سے موٹرسائیکل سوار بے قابو ہو کر جی ٹی روڈ پرکھڑے آلو سے بھرے ٹرک نمبری GLTA-252 کے ساتھ جا ٹکرایا۔
ٹکر مارنے والی کار بھی پیچھے سے چڑھ دوڑی اور ٹرک کے ساتھ جا ٹکرائی جس سے موٹر سائیکل سوار 55 سالہ محکمہ زراعت کا ریٹائرڈ ملازم غضنفر علی ولد محمد اقبال سکنہ موہال دینہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ کار میں سوار 4 افراد عزیز حسین ولد ظہور اختر ، عمیر حسن ولد ظہور اختر اور شارک احمد ولد راجہ اسد سکنہ راولپنڈی بھی شدید زخمی ہو گئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122، موٹروے پولیس اورپٹرولنگ پولیس موقع پر پہنچ گئی، زخمی اور جاں بحق ہونے والوں کو ریسکیو 1122 نے رورل ہیلتھ سنٹر دینہ منتقل کیا۔