
سوہاوہ کی یونین کونسل پھلڑے سیداں انتظامیہ کی آنکھوں سے اوجھل علاقہ مکین مفت آٹے کی سہولت سے ناآشنا ، مکینوں نے نگران وزیراعلی پنجاب سے نوٹس لینے کامطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق تحصیل سوہاوہ کی یونین کونسل پھلڑے سیداں جو کہ آج کے ترقی یافتہ دور میں بھی ضلعی اور تحصیل انتظامیہ کی آنکھوں سے اوجھل ہے۔ اس حوالے سے علاقہ مکینوں نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یونین کونسل سے ملحقہ دیہات بھی ضلعی اور تحصیل انتظامیہ کی عدم توجہی کی وجہ سے بنیادی سہولیات سے ناواقف ہیں۔
علاقہ مکینوں نے بتایا کہ ٹیلی ویژن اور اخبارات میں خبریں شائع ہورہی ہیں کہ حکومت مفت آٹا مستحقین میں بانٹ رہی ہے، آج چوتھا روزہ ہے یونین کونسل پھلڑے سیداں کے جتنے بھی دیہات ہیں وہ اس سہولت سے مکمل طور پر ناآشنا ہیں، غریب سفید پوش طبقہ کے افراد دال روٹی کے لیے دربدر ہیں، ضلعی اور تحصیل افسران نے یونین کونسل پھلڑے سیداں کے باسیوں کے ساتھ سوتیلی ماں جیسارویہ اپنا رکھا ہے۔
یونین کونسل سے ملحقہ دیہات جن میں پڑی درویزہ، موہڑہ علیہ دئیوال، چھبر سیداں، جبہ، ڈھوک فتح محمد، ڈھوک نیاز علی، بلہ موہڑہ ،تھاتھی ،ڈھوک شاہ عارف، چھجی سیداں، موہڑہ جٹاں، تھتھال، پراناکوٹ، بنہ موہڑہ، موہڑہ روشن، موہڑہ کنیال سمیت دیگر قصبے بھی شامل ہیں جہاں آج تک انتظامیہ کی طرف سے مفت آٹے کی سہولت مہیا نہیں کی گئی۔
علاقہ مکینوں نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ یونین کونسل کے بڑے دیہات جن میں چھبر سیداں، پڑی درویزاں اور پھلڑے سیداں شامل ہیں میں آٹے کی مفت سہولت مہیا کی جائے تاکہ ضلع جہلم میں آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑی یونین کونسل کے مکین مفت آٹے کی سہولت سے مستفید ہوسکیں۔