
جہلم: شہر کی سڑکوں، چوک چوراہوں پرتجاوزات مافیا کا قبضہ، ضلعی افسران بھی تجاوزات ختم کرنے میں ناکام، تجاوزات کے باعث سڑکیں، بازار، چوک چوراہے قبضہ مافیا کے نرغے میں، تجاوزات مافیا نے شہر کی گلیاں، محلے بھی اپنے حصار میں لے لئے۔ شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہر میں تجاوز ات مافیا نے مستقل بنیادوں پر پنجے گاڑ ھ رکھے ہیں شہر سے گزرنے والی اولڈ جی ٹی روڈ ، اندرون شہر کی سڑکوں ، بازاروں مارکیٹوں حتی کہ گلی محلوں اور چوکوں چوراہوں پر بھی دھڑلے سے ریڑھیاں اور لوڈر رکشے لگا کرکارروبار شروع کررکھے ہیں۔
بازاروں میں دکانداروں نے بھی رہی سہی کسر پوری کر دی ہے، بااثر دکانداروں نے دکانوں کے باہر کئی کئی فٹ تک سامان سجا رکھا ہے جس سے پیدل چلنے والوں اور گاڑیوں کا گزرنا محال ہو چکا ہے ، دکانداروں کو کوئی پوچھنے والا نہیں۔
میونسپل کمیٹی کے شعبہ انسداد تجاوزات کا عملہ تجاوزات مافیا کے سامنے بے بس دکھائی دیتا ہے ، غیر مقامی ، افغانی ریڑھی بان نہ صرف شہریوں سے بد تمیزی کرتے ہیں بلکہ عام شہریوں بالخصوص خواتین سے انتہائی بدتمیزی سے پیش آتے ہیں، سول لائن روڈ پر سول کلب، مجسٹریٹ کالونی ، دفتر ضلع کونسل سمیت دیگر چوک چوراہے تجاوزات مافیا کے نرغے میں ہیں۔
شہر کی سماجی ، رفاعی ، فلاحی ، مذہبی ، شہری تنظیموں کے عمائدین کا کہنا ہے کہ میونسپل کمیٹی کی انتظامیہ سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں نے عوامی مسائل سے لا تعلقی اختیار کررکھی ہے ۔ جس کیوجہ سے شہر لاوارث بن چکا ہے۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی ، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سے تجاوزات ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔