
پنڈدادنخان: راجہ افتخار شہزاد نے کہا کہ حلقہ این اے 67 میں جعلی چورن بکنے والا نہیں، حلقہ کے عوام جھوٹے وعدوں اور فراڈ چکروں کی سیاست کو پہچان چکے ہیں، ہمارے گروپ سمیت حلقہ کے عوام نے اچھی نیت سے جن کا ساتھ دیا، انہوں نے مطلب پورا ہونے پر نہ صرف آنکھیں ماتھے پر رکھ لیں بلکہ اپنے حلقے کے عوام کو بھیڑ بکریاں سمجھ لیا۔
سابق تحصیل ناظم پنڈ دادنخان اور امیدوار برائے صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 27 راجہ افتخار احمد شہزاد نے تحصیل پریس کلب پنڈدادنخان کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کوئی بھی ہو ہمارا گروپ بھر پور حصہ لے گا، انتخابات ہو جاتے تو دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجانا تھا، پردیسی مداریوں کے جنتر منتر اب حلقہ پی پی 27 اور این اے 67 میں ناکام ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے انتخاب منسوخ ہونے سے پردیسی امیدوار نے سکھ کا سانس لیا کیوں کہ وہ جان چکے تھے کہ اب یہ جعلی چورن حلقہ این اے 67میں بکنے والا نہیں، حلقہ کے عوام جھوٹے وعدوں اور فراڈ چکروں کی سیاست کو پہچان چکے ہیں۔
راجہ افتخار شہزاد نے کہا کہ سابق انتخابات میں ہمارے گروپ سمیت حلقہ کے عوام نے اچھی نیت سے جن کا ساتھ دیا، انہوں نے مطلب پورا ہونے پر نہ صرف آنکھیں ماتھے پر رکھ لیں بلکہ اپنے حلقے کے عوام کو بھیڑ بکریاں سمجھ لیا۔
سابق ناظم نے مزید کہا کہ سابق وفاقی وزیر کو نہ صرف حلقہ کے عوام،چیف سپورٹران نے مسترد کیا بلکہ سگے تایا زاد سابق ضلع ناظم چوہدری فرخ الطاف نے بھی موصوف سے سیاسی راہیں جدا کرلیں۔ اللہ نے عزت دی حلقہ پی پی 27کے عوام نے ہمارے گروپ کو اس قابل سمجھا تو نوسربازوں کی سیاست کا خاتمہ کرکے ضلع جہلم اور تحصیل پنڈدادنخان کی نمائندگی کا حق ادا کریں گے۔