
جہلم: 23مارچ یوم پاکستان کا دن ہماری تاریخ کااہم حصہ ہے جب ایک آزاد مملکت کیلئے جدوجہد کا عزم صمیم کیا گیا آج کا دن اپنے عظیم آباء و اجداد کے عزم و حوصلہ کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے پوری قوم یک زبان ہے۔
یہ بات ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے یوم پاکستان کے حوالے سے خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ، اے ڈی سی آر طارق حسین، اے سی کوارڈینیشن اقراء ناصر، اسسٹنٹ کمشنر جہلم مبین احسن، سماجی کارکنوں اور دیگر افراد نے شرکت کی۔
تقریب میں خصوصی سلامی اور پرچم کشائی کی گئی، جہلم پولیس اور سول ڈیفنس کے چاک و چوبند دستے سبز ہلالی پرچم کو سلامی پیش کی۔ جس کے بعد موسم بہار کی مناسبت سے پودے لگانے کے ساتھ ساتھ شہریوں میں پودے تقسیم بھی کئے گئے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہمارے عظیم آباء اجداد نے ہمیں یہ عظیم ملک تحفے میں دیا اب یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم اس کو سنوارنے اور دنیا کی عظیم ترین مملکت بنانے کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کریں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان عظیم قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا۔ 23مارچ تجدید عہد کا دن ہے، اس دن کے موقع پر پاکستان اور پولیس کے شہدا کو سلام پیش کرتا ہوں۔
تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کے لیے خصوصی دعابھی کی گئی۔