
جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم کی طرف سے اشیائے خوردونوش کی مقررہ کردہ سرکاری قیمتیں ریٹ لسٹوں تک محدود ہو کر رہ گئیں، منافع خوروں نے رمضان المبارک میں شہریوں کو لوٹنے کے لیے لنگوٹ کس لیے۔
ماہ صیام میں کثرت سے استعمال کی جانے والی اشیاء ضروریہ، جن میں گھی، چینی، دودھ، دہی، دالیں، بیسن، چاول، خوردنی تیل، آٹا ،چھوٹا بڑا گوشت، چکن، مصالحہ جات، آلو، پیاز، سبزیاں، پھل من مانے نرخوں پر فروخت کئے جارہے ہیں ۔ روٹی 15 روپے، نان 25 روپے تک فروخت کیا جا رہا ہے، سرکاری نرخ نامے صرف دکھاوے تک محدود ہو چکی ہیں۔
شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ انتظامیہ جو پرائس لسٹیں جاری کرتی ہے اس پر کہیں عملدرآمد ہوتا نظر نہیں آیا، دکانداروں نے بھی انتظامیہ کو خوش کرنے کے لئے ریٹ لسٹیں دروازوں پر آویزاں کر رکھی ہیں۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بڑے تاجروں اور منڈیوں کا رخ کریں جہاں پر اشیاء ضروریہ مہنگے داموں فروخت کی جا رہی ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ماہ مقدس میں کثرت سے استعمال ہونیوالی اشیائے ضروریہ بالخصوص چاول باسمتی350 روپے تک، دال چنا باریک 240 روپے، چنا سفید موٹا 375روپے، بیسن 260 روپے، آٹا تھیلا 10 کلو 1400 روپے تک، دودھ 160 روپے، وہی 170 روپے، چھوٹا گوشت 1500 روپے کلو، بڑا گوشت 750 روپے فی کلو، لیموں 200 روپے، روٹی 15 روپے، نان 25 روپے فروخت شروع کر رکھی ہے۔
اسی طرح چکن، گھی، سبزیوں، پھلوں، مصالحہ جات و دیگر اشیائے خوردونوش بھی مقررہ کردہ نرخوں سے زائد قیمت پر فروخت شروع کر کے منافع خوری کی گنگا میں ہاتھ دھونا شروع کررکھے ہیں۔