Jannah Theme License is not validated, Go to the theme options page to validate the license, You need a single license for each domain name.

اپوزیشن اوورسیز پاکستانیز کے ووٹوں سے خوفزدہ ہے۔ چوہدری فواد حسین

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ اپوزیشن اوورسیز پاکستانیز کے ووٹوں سے خوفزدہ ہے، پیپلز پارٹی کو سب سے زیادہ نقصان آصف علی زرداری نے پہنچایا، نواز شریف ضیاء الحق کی نرسری میں پروان چڑھے، ہمارا سیاسی بیانیہ یہ ہے کہ دنیا میں کوئی بھی پاکستانی سینہ تان کر کہے کہ وہ پاکستانی ہے،یہ وہ بیانیہ ہے جو عمران خان سے پہلے پاکستان میں کسی لیڈر نے نہیں دیا، اپنے آپ پر اعتماد،اپنی قوم پر اعتماد،اپنے لیڈر پر اعتماد اور آج پورا پاکستان عمران خان کو اسی اعتماد سے دیکھتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام منعقدہ اوورسیز پاکستانیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ یہ کہا کہ سیاسی قد کاٹھ والے کو ووٹ دیں،اس کو ووٹ نہ دیں جس کی اپنی کوئی حیثیت نہ ہو،ایسے شخص کو لیڈر بنایا جاتا ہے جو آپ کی عزت میں اضافہ کرے،’’جدوں کسے دے سر تے پگ رکھیے اودا شملہ اچا ہونڑا چاہی دا‘‘ اتنا چھوٹا نہ ہو کہ وہ بندا ہی نیچے بیٹھ جائے،آپ گواہ ہیں کہ پوری دنیا میں پاکستانیوں کی عزت بڑھی ہے،آج ہم اپنا پاسپورٹ فخر سے سامنے رکھتے ہیں تو دنیا میں اس پاسپورٹ کی عزت و توقیر ہے۔

انہوں نے کہاکہ اوورسیز پاکستانیوں کی قیادت کو اسلام آباد میں خوش آمدید کہتا ہوں،تمام اوورسیز پاکستانیز کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ وہ ہمارے ساتھ کھڑے رہے،اوورسیز پاکستانیز کی سوچ اصل قومی سوچ کا اظہار ہے، وزیراعظم عمران خان نے سبز پاسپورٹ کی عزت میں اضافہ کیا ہے، آج ہم فخر سے کہتے ہیں کہ ہمارا وزیراعظم عمران خان ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آج ہمارا وزیراعظم وہ نہیں جس کی کانپیں ٹانگ رہی ہوں، عمران خان جب عالمی شخصیات سے بات کرتے ہیں تو وہ پاکستانیوں کی عزت میں اضافہ کرتے ہیں،وزیراعظم عمران خان ہر فورم پر پاکستانیوں کی بات کرتے ہیں، اوورسیز پاکستانیز کے حقوق کا ہمیشہ خیال رکھا ہے اور ان کے حقوق کے لئے جنگ جاری رکھیں گے۔

چوہدری فواد حسین نے کہاکہ اپوزیشن کا کہنا ہے کہ بیرون ملک مقیم نوے لاکھ اوورسیز پاکستانیز ووٹ کا حق نہیں رکھتے جبکہ ہم کہتے ہیں کہ وہ زیادہ حق رکھتے ہیں،اوورسیز پاکستانیز اگر اکتیس ارب ڈالر پاکستان نہ بھیجتے تو آج ملکی معیشت کا بیڑہ غرق ہو چکا ہوتا، پاکستان میں ووٹ ڈالنا اوورسیز پاکستانیز کا حق ہے اور یہ حق عمران خان انہیں دلائیں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ آج عمران خان سب سے مقبول لیڈر ہیں، نواز شریف اور زرداری ان کے قریب بھی نہیں ہیں، نواز شریف اور زرداری کے لئے پارک میں چلنا مشکل ہو جاتا ہے جبکہ عمران خان لاکھوں کے اجتماع سے بات کرتے ہیں، میلسی، حافظ آباد اور بونیر کے جلسے اس بات کا غماز ہیں کہ عوام عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان، کشمیر اور چاروں صوبوں کے لوگوں کے دل عمران خان کے ساتھ دھڑکتے ہیں، نواز شریف، زرداری کے بچوں سے کہتا ہوں کہ وہ عمران خان کی طرح پاکستان میں جلسہ کر کے دکھائیں،بے نظیر بھٹو اور ذوالفقار علی بھٹو بڑے لیڈر تھے، آصف علی زرداری نے پیپلز پارٹی کا سات بر سوں میں بیڑہ غرق کر دیا۔

وزیر اطلاعات نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان پر پورے پاکستان کو اعتماد ہے،اوورسیز پاکستانی ہم سے زیادہ ووٹ دینے کا حق رکھتے ہیں،اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق کا ہمیشہ دفاع کریں گے،وزیراعظم عمران خان اوورسیز پاکستانیوں کو حقوق دلانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، پاکستانیوں کے دل وزیراعظم عمران خان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button