
جہلم: شہر کے گلی محلوں میں جگہ جگہ بدبودار کچرے کے ڈھیر ، سڑکوں پر کھڑا سیوریج کا گندا پانی شہر کی پہچان بن گیا، شہریوں کا وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری بلدیات سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی کے افسران و اہلکاروں کی نا اہلی کی وجہ سے اندرون شہر کے گلی محلوں میں جگہ جگہ بدبودار کچرے کے ڈھیر، کچرے کے ڈھیروں سے اٹھنے والے تعفن سے شہریوں کا بر ا حال ہو چکا ہے ، جبکہ متعدد علاقوں میں سڑکوں پر کھڑے سیوریج کے گندے پانی کی وجہ سے شہری شدید اذیت میں مبتلا ہیں۔
سکول و کالجز کے طلبہ وطالبات اور نمازی اسی گندے بدبودار پانی میں سے گذر کر جانے پر مجبور ہیں۔ میونسپل کمیٹی کے سینٹری انسپکٹر اور دیگر ذمہ دار دفتروں میں بیٹھ کر سب اچھا ہے کا راگ آلاپنے میں مصروف دکھائی دیتے ہیں۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری بلدیات سے نوٹس اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائیاں کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔