
جہلم: شہر کی فضاؤں میں پھولوں، گردوغبار، پتوں اور گھاس سے پیدا ہونے والی الرجی کی مقدارموسم بہارکے شروع ہونے کے ساتھ ہی بڑھنے لگی۔
چیسٹ فزیشن ڈاکٹر ملک حفیظ الرحمن نے الرجی کے مریضوں کواحتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بہار کی آمد کے ساتھ ہی الرجی کے مریضوں کو سانس لینے میں مشکلات بڑھ جاتی ہیں۔ سانس کے مرض میں مبتلا مریضوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہونگی۔
انہوں نے کہا کہ جہلم شہر جو سرسبز وشادابی کی وجہ سے چاروں تحصیلوں میں منفرد حیثیت رکھتا ہے اورپولن الرجی کا سبب بننے والے خودروجنگلی شہتوت، گھاس اور سبزہ پھوٹنے کے ساتھ باغیچوں، کیاریوں میں پھولدار پودوں کی کونپلیں نکلنے کے ساتھ ہی فضاء میں پولن گرین پھیلنے کی مقدار میں روزبروز اضافہ ہورہا ہے۔
ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے چیسٹ فزیشن ڈاکٹر ملک حفیظ الرحمن نے الرجی سے متاثرہ افراد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ گھر سے نکلتے وقت ماسک پہن کر نکلیں۔ طلوع صبح اور غروب آفتاب کے اوقات میں غیرضروری باہر نکلنے سے اجتناب کریں اور کھانا پکانے کے اوقات میں ایگزاسٹ فین کا استعمال اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ سانس کی بیماری سے محفوظ رہ سکیں ۔