
جہلم: پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی صدر چوہدری غلام احمد زمرد یعقوب اور جنرل سیکرٹری چوہدری فراز حسین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا، عالمی سطح پر ملک و قوم کی عزت بڑھائی، مسئلہ کشمیر سمیت امت مسلمہ کو درپیش مسائل کو عالمی سطح پر اجاگر کیا، دنیا نے وزیر اعظم عمران خان کی قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف کیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جہلم پریس کلب میں میٹ دی پریس پروگرام کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا، پی ٹی آئی کے دیگر راہنماء بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج اپوزیشن نے اپنے ماضی میں کیے سیاہ کارناموں کو چھپانے اور مقدمات کے خوف سے عالمی قوتوں کے آلہ کار بن کر تحریک عدم اعتماد کی چال چلی ہے، وزیر اعظم عمران خان اللہ اور عوام کی مدد سے اسے ناکام بنائیں گے،ڈی چوک اسلام آباد کے جلسے میں پی ٹی آئی جہلم کے ہزاروں کارکنان شرکت کرکے اپنے قائد عمران خان سے اظہار یکجہتی کریں گے۔
چوہدری فراز حسین نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کا صحت کارڈ اور نوجوانوں کے لیے کامیاب نوجوان اسکیم عظیم منصوبے ہیں، زراعت کے شعبہ میں کسانوں کوریکارڈ سبسڈی دی گئی ہے۔ پی ٹی آئی جہلم کی تنظیم نو کے لیے کام کر رہے ہیں سابقہ تمام عہدہ داران کے پاس چل کر جا رہے ہیں، ناراض ساتھیوں کو منا رہے ہیں، خواتین ونگ اور یوتھ ونگ کو فعال بنانے کے کیے حکمت عملی بنا لی ہے، صحافیوں کی فلاح بہبود اور پریس کلب کی تزئین و آرائش کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔
ضلعی صدر چوہدری غلام احمد زمرد نے کہا کہ صحافی معاشرے کا اہم حصہ ہیں ہم تنقید برائے اصلاح کے قائل ہیں، مسائل کی نشاندہی کرنا ہر صحافی کا حق ہے، قلم کی طاقت بندوق سے زیادہ ہیں، ہم انشاء اللہ جہلم پریس کلب کے ساتھ ملکر نہ صرف صحافیوں بلکہ شہر کی تعمیروترقی کے لیے بھی کام کریں گے۔