
جہلم: معروف عالم دین سید عطاء اللہ شاہ بخاری نے سانحہ میانوالی پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میری پری ہم شرمندہ ہیں، عظیم ماں ہم شرمندہ ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جہلم پریس کلب کے نمائندہ وفد سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ننھی سات دن کی معصوم کلی پر سات گولیاں برسانے والے ظالم سفاک کو سخت سے سخت سزاملنی چاہیے ، اسے باپ کہنا بھی باعث شرمندگی ہے ، کیونکہ باپ کا نام ایک اعلیٰ مقام رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ میانوالی ایک سانحہ نہیں بلکہ قیامت سے پہلے قیامت برپا ہوئی ہے ، 14 سو سال پہلے کی روایت کو 14 سو سال بعد دوبارہ دہرایا گیا جو ایک کلمہ گو نہیں کر سکتا، ہم اس واقع کی جتنی مذمت کریں وہ کم ہے۔
انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کرتے ہوے کہا کہ اس سفاک درندہ صفت انسان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ دوبارہ کوئی ننھی کلی کو یوں نہ مسل سکے ۔