
جہلم: لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان سیاسی محاذ پر آئینی اور پارلیمانی اعتبار سے خطرناک صورتحال اختیار کر رہا ہے، عدم اعتماد کی تحریک آئینی اور جمہوری راستہ ہے، عمران خان کا جمہوری یا سیاسی عمل سے کوئی تعلق نہیں ،عدم اعتماد کا سامنا کرنے کی بجائے حکمرانوں نے اشتعال کی شدت پیدا کر دی ہے۔
جہلم شہر کے وسط شاندار چوک میں نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے عوامی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے والوں نے اپنا بیانیہ ترک کر دیا، اسٹیبلشمنٹ کے در پر سجدہ کر لیا ہے ہمارے ملک میں سیاست پارلیمینٹ کو استحکام حاصل نہیں ،ملک ہر نعمت سے مالا مال ہے،قرضوں اور سود کی لعنت نے عوام سے عزت کی زندگی چھین لی۔
انہوں نے کہا کہ اسلام سے انحراف کرکے انگریز اور اغیار کے سماج کی تمناؤں کے ساتھ پاکستان کو برباد کیا پاکستان کا کسان ہنر مند مزدور،تاجر صنعت کار،اوورسیز پاکستانیز ہماری طاقت آج غربت،بے روزگاری،مہنگائی سے چولہے ٹھنڈے لوگ خود کشی پر مجبور ہیں آج ہم کشکول اٹھا کر عالمی اداروں اور آئی ایم ایف سے مانگتے ،ملکی عزت نیلام کر دی گئی۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ ہمارے ملک میں انتخاب ہوتا ہے،کبھی بھٹو کو قائد بناتے، کبھی نواز شریف لیڈر بنتے ہیں دونوں ناکام ہوتے ہیں تو اسٹیبلشمنٹ براہ راست آتی ہیں جب پارٹیاں ڈلیور نہیں کر سکی تو پوری منصوبہ بندی کے تحت عمران خان کو لایا گیا لوگوں سے کہا گیا پی ٹی آئی حکومت اور فوج ایک پیج پر ہے ،یہ کہا گیا ملک قرضوں سے نجات ہو گا، خوشحالی آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ تین سال گزرنے کے باوجود اسٹیبلشمنٹ کی چھتری تلے بننے والے حکومت ناکام ہو گئی،غیر جانبدار اور صاف شفاف انتخابات ہی موجودہ بحران کا حل ہے پاکستان میں اتحادی سیاست ناکام ہے،لوگ چھوٹے چھوٹے مطالبات کے لیے اعتماد کا خون کر دیتے ہیں ،دھڑوں، مفادات اور روائتی سیاست ناکام ہو چکی ہے، نفرتوں کی سیاست کا کھیل پاکستان کے لیے خطرناک شکل اختیار کر گیا ہے۔
دھرنا سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ وزیراعظم آج کل جلسوں میں جو زبان استعمال کر رہے ہیں یہ اس عہدے کے شایان شان نہیں ، عوام کو اب مہنگائی و بیروزگاری کی دلدل سے نکلنے کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دینا ہوگا ۔ جماعت اسلامی کے ممبران کو جب بھی عوام کی خدمت کاموقع ملا انہیں نے ہمیشہ ڈیلیور کیا ۔ چاہے وہ کراچی کی ناظم شپ ہو یا کے پی کے کی مخلوط حکومت۔
صوبائی امیر نے جماعت اسلامی ضلع جہلم کی قیادت کا بھرپور حاضری کے ساتھ کامیاب دھرنا کے انعقاد پر سراہتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی اس وقت میدان عمل میں ہے ، ملک بھر میں دھرنوں کا سلسلہ جاری ہے، جس میں عوام کی بھرپور شرکت اس بات کی غمازی ہے کہ عوام اب جماعت اسلامی کی طرف دیکھ نجات دہندہ کے طور پر دیکھ رہے ہیں ۔
اس موقع پر ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری امیر جماعت اسلامی ضلع جہلم، عبدالخالق امیر جماعت اسلامی جہلم ، راجہ ندیم احمد جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی ضلع جہلم نے بھی عوامی دھرنے سے خطاب کیا۔