ضلع جہلم میں لگائے جانیوالے رمضان بازار ہر لحاظ سے مثالی ہوں گے۔ ڈپٹی کمشنر جہلم نعمان حفیظ

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم نعمان حفیظ نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ضلع جہلم میں لگائے جانیوالے 5 رمضان بازار ہر لحاظ سے مثالی ہوں گے، رمضان بازار 25 شعبان سے فعال کر دیئے جائیں گے جو کہ صبح 9 سے شام 5 تک کھلے رہیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے رمضان بازاروں کے انعقاد کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل مطاہر حیات وٹو، اسسٹنٹ کمشنرز کے علاوہ تمام متعلقہ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نعمان حفیظ نے کہا کہ رمضان بازاروں کے انعقاد کیلئے ماضی کی طرح میونسپل کارپوریشن اور میونسپل کمیٹیوں کے چیف آفیسرز کا بنیادی کردار ہوگا، تمام سی اوز اپنے پاس موجود وسائل کو منظم کریں نیز درکار وسائل کے لئے ڈیمانڈ حکومت پنجاب کو بھجوائیں۔

انہوں نے کہا کہ اس امر کو یقینی بنایا جائے گا کہ فروخت کیلئے رکھی گئی اشیاء ہر لحاظ سے معیاری ہوں اور سستی ہوں، محکمہ لائیو سٹاک بیف و مٹن فروش ایسویسی ایشن کے تعاون سے گوشت کے سٹالز لگوائے گا۔ انہوں نے محکمہ پولیس اور سول ڈیفنس کو رمضان بازاروں کی سکیورٹی اور ٹریفک کیلئے جامع اقدامات کی ہدایت کی۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button