
جہلم: شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں ترقیاتی کاموں کا فقدان، عوامی نمائندے لمبی تان کر سو گئے، شہری سراپا احتجاج، وزیراعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق شہر روز بروز مسائل کی آماجگاہ میں تبدیل ہو تا جا رہا ہے، ٹوٹی پھوٹی سڑکیں ،سیوریج سسٹم فلاپ، ترقیاتی کاموں کا فقدان ،منتخب عوامی نمائندے شہریوں کے مسائل سے بے خبر لمبی تان کر سورہے ہیں۔
شہریوں نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اندرون شہر سمیت مضافاتی علاقوں کی سڑکیں گلیاں، سیوریج سمیت واٹر سپلائی کا نظام بھی بری طرح ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکا ہے، جس سے شہریوں کو جسمانی بیماریوں سمیت آمدورفت میں بھی شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، محمدی چوک کمیلا روڈ سمیت ملحقہ آبادیوں میں بنیادی سہولیات میسر نہ ہونے کیوجہ سے شہری کسمپرسی کی زندگیاں گزارنے پر مجبور ہیں۔
شہر میں سیوریج نظام سمیت واٹر سپلائی کا نظام بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکا ہے، شہر کی بیشتر گلیاں بازار پختہ سیوریج سسٹم کی عدم فراہمی کی وجہ سے موسم برسات میں ندی نالوں کا منظر پیش کرتی دکھائی دیتی ہیں، مکینوں کا گھروں سے نکلنا دوبھر ہو جاتا ہے۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ صورت حال کی بہتری کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔