
جہلم: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل مطاہر حیات وٹو کی زیر صدارت موسم بہار شجرکاری مہم پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈویژنل فاریسٹ آفیسر سدھیر احمد مغل، اسسٹنٹ کمشنرز اور تمام سرکاری محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔
سدھیر احمد نے بریفننگ دیتے ہوئے بتایا کہ موسم بہار شجرکاری مہم میں ضلع جہلم کا ٹارگٹ 13 لاکھ سے زائد درخت لگانے کا ہے جس کے لیے ضروری ہے کہ تمام محکمے بڑھ چڑھ کر شجرکاری مہم میں حصہ لیں اور زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے کہا کہ تمام محکمے اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ شجرکاری کے حوالے سے اپنے مطلوبہ اہداف کو پورا کریں گے جن محکموں کے پاس شجرکاری کے لیے جگہ میسر نہیں وہ پودے خرید کر کسی سرکاری جگہ کا تعین کریں اور وہاں پودے لگائیں۔ اس حوالے سے تمام ادارے مہم کی کامیابی کے لیے سرگرم رہیں تا کہ 3 ملین پودے لگانے کا ہدف مقررہ وقت سے قبل حاصل کیا جا سکے۔
انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ پودے لگائیں اور اس حوالے سے پرفارمنس سرٹیفکیٹ بھی جمع کروائیں۔