
جہلم: شہر کی سماجی ورفاعی شخصیت سید خلیل حسین کاظمی نے کہا ہے کہ تعلیم و تربیت سے تہذیب آتی ہے اور تہذیب یافتہ اقوام کو کوئی غلام نہیں بنا سکتا، دنیا میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے نونہال سچائی کو زندگی کا مشن بنائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدرسہ انجمن تعلیم الاسلام شمالی محلہ جہلم میں جہلم پریس کلب کے نمائندہ وفد سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے طلباء خوش قسمت ہیں جنہوں نے ایٹمی پاکستان میں جنم لیا، اب اسکی حفاظت آپ کے علم سے وابستہ ہے۔ طلباء کا اصل مقابلہ ملک دشمنوں سے ہے وہ علم کی طاقت سے ہی پوری دنیا میں امن قائم کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آزادی کا محل جگمگاتا رہے ، اس کے لئے طلباء کو علم کے چراغ روشن کرنا ہوں گے، ظلمت کے اندھیرے خود بخود بجھ جائیں گے۔ ظلمت کا اندھیرا لڑائی جھگڑے سے نہیں بلکہ علم کی شمع روشن کرنے سے ممکن ہے۔ 14 سو سالہ قدیم اسلام ہی ہمیں اصل روشن خیال بنا سکتا ہے۔