
جہلم: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ کے ویژن کے مطابق نچلی سطح سے کرکٹ کے فروغ کیلئے سید ضمیر جعفری سٹیڈیم جہلم میں انڈر 19کرکٹ کھلاڑیوں کے ٹرائلز مکمل، ضلع بھر سے نوجوان کھلاڑیوں کی شرکت ۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کے سید ضمیر جعفری سٹیڈیم میں انڈر 19کھلاڑیوں کے ٹرائلز اختتام پذیر ہوئے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ ناردرن ایریا کے بورڈ آف گورنر ز کے ممبر اور معروف قانون دان بیرسٹر راجہ محمد ضیاء اشرف نے ہمارے نمائندے سے باتیں کرتے ہوئے بتایا کہ جہلم کی چاروں تحصیلوں جہلم، دینہ، سوہاوہ اور پنڈدادنخان سے 175 کھلاڑیوں نے اس کیمپ میں حصہ لیا۔
انہوں نے بتایا کہ 175 کھلاڑیوں میں سے 30 باصلاحیت نوجوانوں کو میرٹ پر منتخب کیا گیا جو جہلم جیسے پسماندہ ضلع سے ملکی لیول پر کرکٹ کے میدان میں جہلم کی نمائندگی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہے کہ جہلم میں کھیل آباد ہوں اور ہسپتال ویران ہوں، اسی لئے جہلم میں کرکٹ کے فروغ کیلئے میری انتہائی کوشش ہو گی کہ نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو آگے لایا جائے جو کرکٹ کے میدان میں ملک کا نام روشن کر سکیں۔