جرائم کی سرکوبی میں بہترین کارکردگی؛ آئی جی پنجاب نے جہلم پولیس کے افسران کو تعریفی اسناد و کیش سے نوازا

جہلم: آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے جرائم کی سرکوبی میں بہترین کارکردگی دیکھانےپر جہلم پولیس کے ایس ایچ او سول لائنز محمد عمران اور ان کی ٹیم کو تعریفی اسناد و کیش انعامات سے نوازا۔
انعامات وصول کرنے والے افسران و اہلکاران میں ایس ایچ او سول لائنز محمد عمران،اے ایس آئی عبدالرؤف افضل،ہیڈ کانسٹیبل آصف ایوب اور کانسٹیبل عبدالرحمٰن شامل ہیں۔
یاد رہے کہ ذہنی پسماندہ نوجوان نے اسلحہ سے لیس ہو کرنجی تعلیمی ادارے کے اسٹاف اور اسٹوڈنٹس کو یرغمال بنالیا تھا،جس پر پولیس تھانہ سول لائن نے بر وقت ریسپانس کرتے ہوئے کالج میں محبوس اسٹاف اور طلباء کو بحفاظت نکالنے کے ساتھ ساتھ نوجوان کو غیر مسلح کر کے حراست میں لیا اور قانونی کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا تھا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ ڈرگ فری پنجاب، خواتین و بچوں کے تحفظ کی Never Again مہم اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کو مزید تیز کیا جائےگا۔
اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم ناصرمحمود باجوہ کا کہنا تھا کہ جہلم پولیس شہریوں کی جان ومال کی حفاظت کے ساتھ ساتھ جرائم کی سرکوبی کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔



